دہلی میں تاش کے پتوں کی طرح پانچ منزلہ عمارت بکھر گئی، ویڈیو ہوا وائرل
دہلی : (ایجنسیز)راجدھانی دہلی کے بھجن پورہ علاقہ میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ وجئے پارک علاقہ میں پانچ منزلہ عمارت دیکھتے ہی دیکھتے اچانک منہدم ہو گئی جس سے علاقے میں چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ حالانکہ اس واقعہ میں کسی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے، لیکن عمارت منہدم ہونے کے بعد ہر طرف ایک ہنگامہ والا ماحول پیدا ہو گیا۔
عمارت منہدم ہونے کی خبر ملنے کے بعد مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ مکان کے ملبہ کو ہٹانے کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت پر روک لگا دی گئی ہے۔ بہرحال، عمارت منہدم ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ 29 سیکنڈ کی ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح پانچ منزلہ عمارت بھربھرا کر منہدم ہو گئی۔
#WATCH | Delhi: A building collapsed in Vijay Park, Bhajanpura. Fire department present at the spot, rescue operations underway. Details awaited
(Video Source – Shot by locals, confirmed by Police) pic.twitter.com/FV3YDhphoE
— ANI (@ANI) March 8, 2023
میڈیا رپورٹس کے مطابق مکان گرنے پر آس پاس کے لوگوں نے معاملے کی اطلاع پولیس اور فائر بریگیڈ کو دی۔ حادثہ کے بعد آس پاس کے لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ اس دوران وہاں پر چیخ و پکار مچ گئی۔ پولیس نے اس حادثہ کی تصدیق کی ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ میں آس پاس کے گھر و دکان کے ساتھ ساتھ کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ایسے میں بلڈنگ کا ملبہ سڑک پر بکھرا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ پہلے بھی دہلی میں کچھ ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا۔ شمالی دہلی کے روشن آرا روڈ پر واقع تین منزلہ بلڈنگ آگ لگنے کے بعد بھربھرا کر گر گئی تھی۔ آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کا دستہ اس پر قابو پانے کے لیے پہنچا تھا، لیکن اچانک عمارت منہدم ہونے سے فائر بریگیڈ کے تقریباً 100 اہلکار بال بال بچے تھے۔