دہلی تشدد: جوان انیس کو بی ایس ایف نے دی 10 لاکھ روپے کی مدد ، گھر کی مرمت بھی کروائے گی

دہلی:قومی راجدھانی دہلی میں واقع شمال مشرقی دہلی کے کھجوری خاص میں تشدد کے دوران بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف ) کے جس جوان کا گھر بھیڑ نے جلا دیا تھا ، انہیں بی ایس ایف کے آئی جی نے 10 لاکھ روپے کی مدد کی ہے ۔ پیر کو دہلی میں واقع بی ایس ایف ہیڈ کوارٹر میں آئی جی ڈی کے اپادھیائے نے محمد انیس کو 10 لاکھ روپے کا چیک سونپا

۔ یہی نہیں بی ایس ایف انیس کے گھر کا مرمت بھی کروائے گی ۔قبل ازیں اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے اتوار کو بی ایس ایف کے سپاہی کو 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا تھا ۔

پٹنائک نے وزیر اعلی ریلیف فنڈ سے کانسٹیبل کیلئے 10 لاکھ روپے منظور کئے ہیں ۔ فی الحال انیس چھٹی لے کر اوڈیشہ سے اپنے گھر دہلی لوٹ آئے ہیں ۔ وہ اوڈیشہ کے ملکان گری ضلع میں نکسل متاثرہ ضلع میں تعینات بی ایس ایف کی نویں بٹالین میں کام کررہے ہیں ۔