’دو دنوں کے اندر لیں گے موسیٰ والا کے قتل کا بدلہ‘، نیرج بوانا گینگ کی کھلی دھمکی

0 15

نئی دہلی:یکم جون ۔(ایجنسیز) دہلی کے گینگسٹر نیرج بوانا کے بینگ نے پنجابی گلوکار سدھو موسیٰ والا کے قتل کا بدلہ لینے کی کھلی دھمکی دی ہے۔ سوشل میڈیا پر نیرج بوانا کے فیس بک پروفائل سے ایک پوسٹ کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سدھو موسیٰ والا ان کا بھائی تھا اور دو دن میں ان کے قتل کا بدلہ لیں گے۔بوانا گینگ نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سدھو موسیٰ والا کے موت کی خبر ملی۔ سدھو دل سے ہمارا بھائی تھا، دو دن کے اندر ریزلٹ دیں گے۔

‘‘ فیس بک پوسٹ میں ٹلو تاجپوریا، دویندر بھامبیا اور کوشل گڑگاؤں کے گینگ کو بھی ٹیگ کیا گیا ہے۔ نیرج بوانا دہلی کے ٹاپ گینگسٹرس میں سے ایک ہے اور فی الحال تہاڑ جیل میں بند ہے۔واضح رہے کہ 29 مئی کو مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسیٰ والا کا دن دہاڑے قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کار سے کہیں جا رہے تھے۔ اس درمیان راستے میں حملہ آوروں نے ان پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔ انھیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

موسیٰ والا کے قتل کے بعد کناڈا میں بیٹھے گینگسٹر گولڈی براڑ نے اس کی ذمہ داری لی تھی۔ جانچ میں تہاڑ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی اس قتل واقعہ کے اہم سازشی کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس کے بعد دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے منگل کو بشنوئی کو ریمانڈ پر لے لیا ہے۔