Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

دولت اسلامیہ کے 122کارکن تلنگانہ، کیرالا، آندھراپردیش،کرناٹک اور ٹاملناڈو سے گرفتار

نئی دہلی: مرکز نے آج زور دیکر کہا کہ دولت اسلامیہ کے دہشت گرد ملک کی جنوبی ریاستوں میں سرگرم ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے تلنگانہ، کیرالا، آندھراپردیش، کرناٹک اور ٹاملناڈو میں آئی اے ایس کی موجودگی سے متعلق 17 کیس درج رجسٹر کئے ہیں اور 122 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہیکہ دولت اسلامیہ کے کارکن کیرالا، کرناٹک، آندھراپردیش، تلنگانہ، مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، مغربی بنگال، راجستھان، بہار، اترپردیش، مدھیہ پردیش اور جموں و کشمیر میں سرگرم ہیں۔

راجیہ سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ جنوبی ریاستوں کے بشمول مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بعض افراد بھی انفرادی طور پر دولت اسلامیہ میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی اے ایس کی سرگرمیوں کی اطلاع مرکز اور ریاستی سیکوریٹی ایجنسیوں کو ملی ہے۔ اسی دوران اسلامک اسٹیٹ یا آئی ایس آئی اسی نے شام اور عراق میں 2014ءسے کارروائیاں شروع کی ہیں۔ بنگلہ دیش، مالی، صومالیہ اور مصر میں اس کی شاخیں کام کررہی ہیں۔

یہ دہشت گرد تنظیم دیگر دہشت گرد تنظیموں جیسے لشکرطیبہ اور القاعدہ سے ربط میں ہے۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کو استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں اپنے نظریات کا پروپگنڈہ کررہی ہے۔ کشن ریڈی نے مزید کہا کہ مرکز نے این آئی اے رپورٹ کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ونئے پی سہارس بوجھے کے تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سائبر اسپیس پر بھی ہندوستانی ایجنسیوں نے نظر رکھی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔