سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے جمعے کے روز اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے فون پر بات کی۔انہوں نے ماسکو اور یوکرین کے درمیان جاری لڑائی روکنے اور تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔سعودی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب روس کا یوکرین میں جاری فوجی آپریشن دسویں روز جاری ہے۔سعودی وزیر خارجہ اور ان کے روسی ہم منصب کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے اور دنیا کی تازہ ترین پیشرفت اور ان کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزراء نے یوکرین کے بحران سے متعلق تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جہاں سعودی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اس بحران سے نمٹنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت کو مضبوط کیا جائے تاکہ ایک ایسے سیاسی حل تک پہنچا جا سکے جس سے اس خطے اور دنیا میں سلامتی اور استحکام حاصل ہو۔