ایک نوجوان لڑکی نے اپنے ہاتھ میں کیمرہ پکڑ رکھا ہے جو پہلے اپنے پیچھے کھڑی ایک گاڑی دکھاتی ہے، پھر اپنے چند دوست دکھاتی ہے اور ساتھ ساتھ ہی کہتی ہیں: ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارری (یعنی پارٹی) ہو رہی ہے‘۔

اپنے دوستوں کے ساتھ بنائی گئی محض چارسیکنڈ کی یہ عام سی ویڈیو بنانے والی لڑکی دیکھتے ہی دیکھتے اتنی وائرل ہو گئیں کہ ناصرف انٹرنیٹ پر ہر دوسرے شخص نے ان کے میمز بنا ڈالے بلکہ یہ سرحد پار انڈیا بھی جا پہنچیں جہاں ایک گلوکار نے ان کی ویڈیو کو استعمال کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں ایک ’میش اپ‘ گانا بنا لیا ہے۔

راتوں رات ’میم‘ بن جانے والی یہ لڑکی 19 سالہ دنانیر مبین ہیں جن کا تعلق پشاور سے ہے اور وہ خود کو ایک ’کونٹینٹ کریئٹر‘ کہتی ہیں جو میک اپ اور فیشن سے لے کر ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ہر چیز پر بات کرتی ہے۔

انھیں اپنے خاندان والوں کے ساتھ وقت بِتانے کے علاوہ پینٹنگ اور وقتاً فوقتاً گلوکاری کرنا پسند ہے اور کتوں سے بہت پیار ہے۔

دنانیر کی انسٹا گرام پر شائع ہونے والی اس ویڈیو کو اب تک 1,250,463 افراد دیکھ چکے ہیں اور وائرل ہونے کے بعد انسٹاگرام پر ان کے فالووز کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ 41 ہزار ہو چکی ہے۔

تو کیا سوچ کر ویڈیو بنائی تھی جو وائرل میم بن گئی؟

بی بی سی بات کرتے ہوئے دنانیر بتاتی ہیں کہ یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا۔

وہ اپنے دوستوں کے ساتھ نتھیا گلی گھومنے گئیں اور کھانا کھانے کے لیے رکیں تھیں جب بس اچانک ہی اپنا موبائل فون نکال ک ویڈیو بنالی اور اپ لوڈ کر دی۔

کیا عام طور پر بھی اسی انداز میں بات کرتی ہیں؟

اس بارے میں دنانیر کہتی ہیں کہ یہ میرا انداز نہیں ہے، میں ایسے بات نہیں کرتی اور صرف ویڈیو بنانے کے لیے یہ مزاحیہ انداز اختیار کیا تھا۔

وہ کہتی ہیں ’مجھے ’پارٹی‘ کہنا آتا ہے اور مجھے پتا ہے کہ یہ ’پارری‘ نہیں پارٹی ہوتا ہے۔

’میں نے تو صرف آپ سب (میرے انسٹاگرام فالوور) کو ہنسانے کے لیے ایسا کیا۔‘

،تصویر کا ذریعہ

@dananeerr

دنانیر پر میمز بنانے والوں میں صرف پاکستانی ہی نہیں انڈین بھی شامل ہیں۔ حتیٰ کہ ایک انڈین گلوکار، یش راج میکھاتے نے ان کا وائرل ویڈیو استعمال کرتے ہوئے ایک میش اپ بھی بنا ڈالا ہے۔

تو انھیں یہ میش اپ دیکھ کر کیسا لگا؟

دنانیر کا کہنا ہے کہ جہاں دنیا بھر میں اتنی تقسیم ہے، ایسے وقت میں سرحد پار پیار بانٹنے سے بہتر کیا ہو سکتا ہے؟

’مجھے خوشی ہے کہ میری ویڈیو کے باعث اب ہم اور ہمارے ہمسائے مل کر ’پارٹی‘ کر رہے ہیں۔‘

یش نے اپنے میش اپ کی کیپشن میں لکھا ہے ’آج سے میں پارٹی نہیں صرف پارری کروں گا کیونکہ پارٹی کرنے میں وہ مزا نہیں جو پارری کرنے میں ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہ

@ymstudiospage

دنانیر کی ویڈیو پر بےشمار میمز بنیں، تو ان کی سب سے پسندیدہ میم کون سی ہے؟

اس بارے میں وہ کہتی ہیں کہ میرا نہیں خیال کوئی ایک ویڈیو میری پسندیدہ ہے کیونکہ ’جب میمز کی بات آئے تو پاکستانی بہت اعلیٰ پائے کے میمز تخلیق کرتے ہیں اور وہ سب کے سب اتنے ہمہ گیر اور دل کو چھونے والے ہیں کہ میں کسی ایک کا انتخاب نہیں کر سکتی۔‘

کیا سوچا تھا کہ ویڈیو اتنی وائرل ہو جائے گی؟

دنانیر کہتی ہیں ’سچ بتاؤں تو جب میں ویڈیو اپ لوڈ کر رہی تھی، اس وقت میرا وائرل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔‘

وہ بتاتی ہیں کہ وہ تو بس سب کو ہنسانا چاہتی تھیں اور ان کا خیال ہے کہ وہ اس سے زیادہ ہی کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

’اب میرے پاس ایک بڑا خاندان ہے جس کے لیے میں اپنے تمام فالورز کی بہت شکر گزار ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہ

@dananeerr

اپنے خاندان کے ردِعمل کے بارے میں بتاتے ہوئے دنانیر کا کہنا تھا کہ میرے گھر اور دوستوں میں سب کو پتا ہے کہ میں ذرا مزاحیہ باتیں کرتی ہوں۔

’میں عجیب و غریب تبصرے اور احمقانہ مذاق کرتی رہتی ہوں اور میں اپنے قریبی افراد کے ساتھ بس ایسی ہی ہوں۔‘

سوشل میڈیا پر ردِعمل:

،تصویر کا ذریعہ

@thechaaiguy

سوشل میڈیا پر #pawrihoraihai پیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے اور پاکستان کیا، انڈیا اور دنیا بھر میں عام لوگوں سے لے کر مشہور شخصیات حتیٰ کہ کئی نوعمر لڑکے لڑکیاں بھی اس ہیش میں اپنی ویڈیوز بنا بنا کر شئیر کر رہے ہیں۔

کوئی کہتا ہے ’یہ ہماری گاڑی ہے، یہ ہم ہیں اور اور ہم خوار ہو رہے ہیں تو کوئی خاتون اپنے بیٹی کی ویڈیو دکھا کر کہتی ہیں ’یہ میں ہوں، یہ میری بیٹی ہے اور یہاں ہماری نیندیں حرام ہو رہی ہیں‘۔

،تصویر کا ذریعہ

@Zindagi

جہاں ایک بچے نے ویڈیو بنائی ’یہ ہماری کتابیں ہیں، یہ ہم ہیں اور یہ سر کھپائی ہو رہی ہے‘ وہیں ایک لڑکی نے کچھ ایسی ویڈیو اپ لوڈ کی ’یہ ہماری تنہائی ہے، یہ ہم ہیں اور ہم بور رہے ہیں۔‘

تاہم کچھ لوگ یہ بھی پوچھتے نظر آئے کہ بھائی یہ ’پارری‘ کیا چیز ہے؟

ہمار خیال ہے کہ شاید ان لوگوں کو ابھی تک واٹس ایپ پر کسی نے دنانیر کی کلپ نہیں بھیجی اور وہ ’پارری‘ کرنے سے محروم رہ گئے ہیں۔