دسویں اوربارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی تواریخ کااعلان

ممبئی:30ڈسمبر ( ورقِ تازہ نیوز)مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن نے فروری-مارچ 2023 میں منعقد ہونے والے 12ویں اور 10ویں جماعت کے تحریری امتحانات کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس کے مطابق 12ویں کے امتحان 21 فروری سے شروع ہوں گے اور 10ویں کے امتحان 2 مارچ سے شروع ہوں گے۔

نو ڈویژنل بورڈز یعنی پونے، ناگپور، اورنگ آباد، ممبئی، کولہاپور، امراوتی، ناسک، لاتور اور کونکن کے ذریعہ منعقد ہونے والے بارہویں اور دسویں جماعت کے تحریری امتحانات کا ممکنہ شیڈول 19 ستمبر سے بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب کرایا گیا تھا۔ ان شیڈولز سے متعلق کوئی بھی تجاویز بورڈ کو 15 دنوں کے اندر تحریری طور پر طلب کی گئیں۔

اسی مناسبت سے تنظیموں، والدین، اساتذہ سے موصول ہونے والی تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد 12ویں اور 10ویں کے امتحانات کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ 10ویں-12ویں کے امتحانات کی تاریخ کے لحاظ سے تفصیلی فائنل ٹائم ٹیبل بورڈ کی ویب سائٹ ‘www.mahahsscboard.in’ پر دستیاب ہے۔ بورڈ کی ویب سائٹ پر ٹائم ٹیبل کی سہولت صرف معلومات کے لیے ہے۔ امتحان سے پہلے سیکنڈری اسکول، ہائیر سیکنڈری اسکول، جونیئر کالج کے ذریعہ پرنٹ شدہ شکل میں جاری کردہ ٹائم ٹیبل حتمی ہوگا۔