داخلی عازمین کیلئے حج پیکج اور بکنگ شیڈول آئندہ ہفتہ متوقع

ریاض: سعودی عرب میں داخلی عازمین حج کی کوآرڈینیشن کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے قائم مقام چیئرمین ساعد الجھنی نے توقع ظاہر کی ہے کہ’ داخلی عازمین کیلئے حج پیکج اور بکنگ شیڈول کا آغاز آئندہ ہفتے سے کیا جائے گا‘۔ سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام 120 سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین ساعد الجھنی نے کہا کہ’ اس سال داخلی عازمین کے لیے تین زمرے رکھے جائیں گی جن میں ’منی ٹاورز ‘ ، ’ضیافہ ون ‘ اور ضیافہ ٹو‘ شامل ہے‘۔ ’ ضیافہ ون اورٹو میں جو خیمے نصب کیے گئے ہیں وہ پہلی بار متعارف کرائے جائیں گے۔ یہ خیمے ہوٹلوں کے کمروں کی طرح ہیں جن میں تمام سہولتیں مہیا کی جائیں گی‘۔ داخلی عازمین حج کوفراہم کی جانے والی خوراک کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’وزارت حج وعمرہ کی جانب سے فراہم کردہ گائیڈ لائن کے مطابق حاجیوں کواعلی معیار کا تازہ کھانا فراہم کیا جائے گا‘۔ یاد رہے کہ سعودی حکام کے مطابق رواں برس 10 لاکھ مقامی اور غیرملکی عازمین کو ہی حج کی اجازت ہوگی۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے گذشتہ دو برسوں میں حج کے موقع پر عازمین کی تعداد بہت کم تھی۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 58 ہزار745 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ کورونا کی وبا سے قبل اکثر حجاج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر جاتی تھی۔