۔150 ممالک کے چھ لاکھ سے زائد عازمین کی درخواستیں وصول

ریاض : (کے این واصف) حج 2021 ء کیلئے درخواستوں کی وصولی چہارشنبہ کی رات دس بجے بند ہوگئی ۔ یاد رہے کہ پچھلے ہفتہ کے دن تک چھ لاکھ سے زیادہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی آن لائن حج درخواستیں داخل کر چکے تھے ۔ بتایا گیا کہ درخواست گزاروں میں 150 ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندے شامل ہیں جن میں 59 فیصد مرد اور 41 فیصد خواتین شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں میں حجاج کی سالانہ تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کرتی رہی تھی مگر کورونا وباء کی وجہ سے حج 2020 ء میں صرف ایک ہزار افراد کو حج کی اجازت دی گئی تھی جبکہ یہ تعداد 2021 ء میں 60 ہزار کی گئی ہے ۔ وزارت حج و عمرہ کے کمپیوٹر سسٹم میںچھ لاکھ سے زائد عازمین کے نام درج ہوئے ہیں ۔ جن میں سے صرف 60 ہزار افراد کو امسال حج کا اجازت نامہ جاری ہوگا جبکہ چھ لاکھ سے زائد فرزندان توحید اللہ کے گھر کی زیارت کے آرزومند ہیں ۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق ان 60 ہزار خوش نصیبوں کے نام کا اعلان جمعہ /25 جون کی دوپہر میں کیا جائے گا ۔ یہ ساری کارروائی کمپیوٹر سسٹم کے ذریعہ ہی ہوگی ۔ انتخاب کے جو ضوابط وزارت نے مقرر کئے ہیں ان ہی اصولوں کی بنیاد پر اجازت نامے جاری ہوں گے ۔ امسال حج کیلئے 3 پیاکیج رکھے گئے ہیں جن میں پہلے پیکیج کی قیمت 16560/- ریال جو منیٰ ٹاور کا ہے جبکہ دوسرا پیکیج 14381/- ریال اور تیسرا پیکیج 12113/- ریال کا ہے ۔ دوسرے او ر تیسرے پیکیج کے حجاج منیٰ میں خیموں میں قیام کریں گے ۔


اپنی رائے یہاں لکھیں