خانقاہ محفل منصوریہ کھنڈی پاڑہ، بھانڈوپ ممبئی میں میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں زیارت موئے مبارک و تبرکات کا اہتمام
(آفتاب شیخ)
گزشتہ روایات کے مطابق عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں حضرت صوفی عبد النعیم عطاء شاہ قادری چشتی ابوالعلائی دامت برکاتہم علیہ کی جانب سے ایک پروقار محفل کا انعقاد خانقاہ محفل منصوریہ کھنڈی پاڑہ، بھانڈوپ ممبئی میں کیا گیا۔ جس میں میں ممبی و اطراف سے کثیر تعداد میں صوفیا عظام، علماء اکرام، مریدین، معتقدین، مرد و خواتین نے شرکت کی اور عشاق رسول ﷺ کی ایک بڑی تعداد زیارت کے لیے پہنچی۔
موئے مبارک کی زیارت کے لئے مرد و خواتین کی علیحدہ علیحدہ قطاریں لگائی گئیں۔ منتظمین نے موہ مبارک جو کہ ایک انتہائی خوبصورت ڈبیا میں رکھا گیا تھا۔ انتہائی ادب کے ساتھ زیارت کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر عشاق رسول ﷺ کی خوشی دیدنی تھی۔
محفل میں نامور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم نے کلام پیش کیں۔ صوفی عبد النعیم عطاء شاہ نے اس موقع پر بتایا کہ یہاں گذشتہ اکیس سال سے ماہ نور کی چھٹی پر زیارت موئے مبارک کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ملک کے کونے کونے سے لوگ و وابستگان سلسلہ یہاں زیارت کے لیے تشریف لاتے ہیں اور ہر سال زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حاضرین نے انتظامات کی خوب داد دی اور منتظمہ اعلی حافظ سلطان صلاح الدین نعیمی، نورالدین خان، معین الدین خان و دیگر احباب کی کاوشوں کو سراہا۔ محفل میں موئے مبارک و چہرہ انور کے بال و زلف مبارک، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی کملی کا ٹکڑا کے ساتھ ساتھ حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ، حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم، حضرت امام حسن رضی اللہ تعالیٰ علیہ، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ علیہ، حضور غوث الاعظم حضرت عبدالقادر جیلانی کے موئے مبارک، حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہما کی چنری کا ٹکڑا، حضور غوث الاعظم دستگیر کے خرقہ کا ٹکڑا اور دیگر تبرکات کی زیارت بھی کروائی گئی۔ اختتام میں حاضرین نے خوبصورت انداز میں سلام پیش کیا اور صوفی عبدالنعیم عطاء شاہ نے عالم اسلام میں امن و امان و سلامتی کے لیے دعا فرمائی ۔ اس کے بعد حاضرین کے لئے لنگر رسول کا بھی اہتمام کیا گیا تھا اور رات محفل سماع کے بعد محفل اختتام پذیر ہوئی۔