خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ ساتھیوں سمیت گرفتار

604

چنڈی گڑھ: پنجاب کے علیحدگی پسند لیڈر اور ’وارث پنجاب دے‘ کے سربراہ امرت پال سنگھ کو ہفتہ کے روز پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا۔ اس سے قبل امرت پال سنگھ کے 6 ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس امرت پال سنگھ کے قافلے کا تعاقب کر رہی تھی۔ اس دوران پولیس نے 2 گاڑیاں برآمد کی ہیں۔ امرت پال سنگھ کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 2 کا تعلق نفرت انگیز تقاریر سے ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے سیکورٹی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکم نامہ جاری کر دیا ہے،

جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی تحفظ کے مفاد میں، تمام موبائل انٹرنیٹ سروسز، تمام ایس ایم ایس سروسز (سوائے بینکنگ اور موبائل ری چارج کے) اور پنجاب کے علاقائی دائرہ اختیار میں وائس کال کے علاوہ موبائل نیٹ ورکس پر فراہم کی جانے والی تمام ڈونگل سروسز 18 مارچ (12:00 بجے) سے 19 مارچ (12:00 بجے) تک معطل رہیں گی۔امرت پال کی گرفتاری کے بعد کسی بھی ہنگامے سے بچنے کے لیے اس کے گاؤں جلو پور کھیڑا کو سیل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پنجاب پولیس نے ٹوئٹ کرکے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔