حیدرآبا دمیں 3جولائی سے دوبارہ لاک ڈاون!

حیدرآباد30جون(یواین آئی)تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد جہاں پر کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے میں 3جولائی سے دوبارہ لاک ڈاون کے نفاذ کا امکان ہے۔حال ہی میں حکومت نے شہر میں اس وائرس کی روک تھام کے لئے دوبارہ لاک ڈاون کے نفاذ کا اشارہ دیا تھا۔ریاستی کابینہ کا اجلاس یکم جولائی یا پھر 2جولائی کو ہونے کی توقع ہے۔

شہر میں لاک ڈاون کے نفاذ کے مسئلہ پر ریاستی کابینہ میں تبادلہ خیال کیاجائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ 3جولائی سے 15دنوں تک یہ لاک ڈاون نافذ ہوگا۔اس وبا پر قابو پانے کے لئے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے دوبارہ لاک ڈاون نافذ کرنا ہی مناسب ہوگاکیونکہ ماہرین کا ماننا ہے کہ لاک ڈاون میں دی گئی نرمی کے بعد لوگ احتیاطی تدابیر اوررہنمایانہ خطوط پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

اس لاک ڈاون کے دوران حکومت سوائے ضروری اشیا اور میڈیکل شاپس کے تمام دیگر دکانات کو بند رکھنے پر غور کرے گی۔شام سات بجے سے صبح سات بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔شراب کی دکانات بھی بند رہیں گی۔حکومت اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن اور ٹرانسپورٹ دفاتر کو کھولنے پر غور کررہی ہے۔آئی ٹی کے دفاتر پہلے ہی 50فیصد ملازمین کے ساتھ کام کررہے ہیں۔اس مرتبہ کے لاک ڈاون کے مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔ان علاقوں میں سختی کی جائے گی جہاں پر کورونا کے زائد معاملات ہیں اور یہ وائرس پھیل رہا ہے۔