حیدرآباد 25 نومبر ( سیاست نیوز) صدر مجلس بچاو تحریک و امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ مجید اللہ خاں فرحت نے اعلان کیا کہ 11 ڈسمبر کو انتخابی نتائج حلقہ یاقوت پورہ میں انقلاب برپا کردینگے اور مظلوم مسلمانوں کے حق کی ایک ایسی آواز بلند ہوگی جسے دبانا مخالفین کے بس کی بات نہیں ہوگی ۔ مجید اللہ خاں فرحت اپنے حلقہ انتخاب میں تالاب کٹہ عقب ثمینہ ہاسپٹل میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ یاقوت پورہ میں تبدیلی کی لہر آچکی ہے اوراس سے مخالفین حواس باختہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں شکست دینے کیلئے سود خوروں ‘ لینڈ گرابروں اور غنڈہ عناصر کی ٹولیوں کو سرگرم کردیا گیا ہے اور عوام کو دھمکایا جا رہا ہے ۔ حد تو یہ ہوگئی ہے کہ مساجد کے ذمہ داروں کو زبردستی اپنی تائید کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے ورنہ انہیں مسجد کمیٹیوں سے بیدخل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ علماء کرام اور مشائخین عظام پر دباو ڈالتے ہوئے ان سے تائید حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ سب کچھ اس لئے ہو رہا ہے تاکہ اپنے حق کیلئے اٹھنے والی مظلوم مسلمانوں کی آواز کو دبایا جاسکے ۔ تاہم اب یہ آواز ایک انقلاب کی نقیب بن گئی ہے اوراسے دبانا ممکن نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج مقامی جماعت کے لیڈر انہیں شکست دینے سود خوروں کی ٹولیوں کیساتھ دعوتیں اڑا رہے ہیں ۔







اپنی رائے یہاں لکھیں