حیدرآباد7فروری (یواین آئی) شہرحیدرآباد کے قلب میں واقع مصروف ترین تجارتی علاقہ کوٹھی کی دکانات میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔کل شب پُرہجوم کوٹھی۔آندھرابینک جنکشن کی ایک دکان میں لگی آگ پھیل گئی جس نے دیگر دکانات کوتیزی کے ساتھ اپنی لپیٹ میں لے لیاکیونکہ یہ دکانات کپڑوں کی تھیں۔

دکانات کے مالکین کی جانب سے دکان کو بند کرکے گھروں کو روانہ ہونے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا تاہم اس واقعہ کے وقت دکانات میں کسی کے بھی نہ ہونے کی وجہ سے کسی کے جھلسنے یا پھر کسی کی موت کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے البتہ ان دکانات میں رکھا سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

دکانات میں آگ لگنے کی اطلاع کے ساتھ ہی ان دکانات کے مالکین وہاں پہنچے۔ان کی آنکھوں کے سامنے دکانات کا جلتا ہوا منظر تھا جس کی وجہ سے دکانات کے صدمہ سے دوچار مالکین کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ان میں سے بعض نے اپنی دکانات سے بچاکچا سامان نکالنے کے لئے آگے بڑھنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کو ایسا کرنے سے روک دیا۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چار فائر بریگیڈ س کے اہلکار وہاں پہنچے اور آگ پر کافی جدوجہد کے بعد قابو پایا۔

ان دکانات کے مالکین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ان کا سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا اوران کا سب کچھ آگ کی نذر ہوگیا۔ان دکانات کے مالکین نے کہاکہ ان کی نظروں کے سامنے ان کا ساراسامان جل کر خاکستر ہوگیا تاہم فائر انجن کافی تاخیر سے آیا۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کئی لاکھ روپئے کا کپڑا خریدا گیا تھا۔ایک دکان کے مالک نے شبہ ظاہر کیا کہ کسی نے یہ آگ لگائی ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ کئی برسوں سے اس علاقہ میں کاروبار کررہے ہیں۔کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔

آگ کے شعلے کافی بلند نظر آرہے تھے۔اس واقعہ کے سبب اس مصروف جنکشن پر ٹریفک جام ہوگئی۔وہاں موجود پولیس نے گاڑیوں کے رخ کو دوسرے علاقہ کی سمت موڑ دیا۔فائر بریگیڈس کو آگ پر قابو پانے کے لئے تقریبا چار گھنٹے لگے۔پولیس اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی یا پھر یہ آگ لگائی گئی ہے۔مقامی افراد نے بتایا کہ یہ آگ کل شب تقریبا 11بجے لگی۔