حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی کارپوریٹر آر جی وجے لکشمی، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی مئیر منتخب ہو گئیں۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار رادھا ریڈی کو شکست دی ہے۔ خیال رہے کہ مئیر کا عہدہ خاتون کے لیے محفوظ ہے۔

وجے لکشمی، ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے کیشور راؤ کی دختر ہیں جو بنجارا ہلز ڈیویثرن کی نمائندگی کرتی ہیں۔ تارناکہ ڈیویثرن کی نمائندگی کرنے والی ٹی آر ایس کارپوریٹر سری لتا ڈپٹی مئیر منتخب ہوئی ہیں، جنہوں نے بی جے پی کے شنکر یادو کو شکست دی۔مجلس نے ان دونوں عہدوں کے لیے ٹی آر ایس امیدواروں کی حمایت کی۔

قبل ازیں نومنتخب کارپوریٹرس کو پریزائیڈنگ آفیسر و کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی نے جی ایچ ایم سی کے کونسل ہال میں حلف دلایا۔ انتخابی مبصر سندیپ کمارسلطانیہ نے کارروائی کی نگرانی کی۔ ٹی آرایس کی اپیل پر حلف برداری انفرادی طورپر کے بجائے گروپ میں کروائی گئی۔اسی طرح کی اپیل مجلس اور بی جے پی نے کی تھی۔

مئیر اورڈپٹی مئیر کے عہدوں کیلئے خواتین کے انتخاب پر وجئے لکشمی نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو اور وزیربلدی نظم ونسق کے تارک راما راو سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ حیدرآباد کی ترقی کے لئے تمام جماعتوں کی رائے حاصل کرتے ہوئے کام کریں گی۔نومنتخب مئیر اور ڈپٹی مئیر کو کے تارک راما راو،ارکان پارلیمنٹ، اارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور کارپوریٹرس نے مبارکباد پیش کی۔قبل ازیں ٹی آر ایس پارٹی کے نو منتخب کارپوریٹرس کا اجلاس پارٹی کے ہیڈ کوارٹرس تلنگانہ بھون میں منعقد ہوا جس سے وزیربلدی نظم ونسق و پارٹی کے کارگذارصدر تارک راما راو نے خطاب کیا۔ بعدازاں خصوصی گاڑی میں تمام کارپوریٹرس جی ایچ ایم سی روانہ ہوئے