حیدرآباد:بم کی جھوٹی اطلاع دینا پڑا مہنگا، ایک شخص کو جیل کی سزا

حیدرآباد: پولیس کنٹرول روم کو بم کی جھوٹی اطلاع دینے والے ایک شخص کو عدالت نے 18دن کی جیل کی سزا سنائی ہے۔

پرانا شہرحیدرآباد کے سنتوش نگر سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے منگل کو تقریباً دس بجے پولیس کو فون کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس سدن، سعیدآباد علاقہ میں بم رکھا گیا ہے۔ اس کی اس اطلاع کے ساتھ ہی پولیس اور بم کو ناکارہ بنانے والا اسکواڈ وہاں پہنچ گیا اور تقریباً دو گھنٹوں تک کافی تلاشی کے باوجود بھی اس علاقہ میں بم نہیں پایا گیا۔

سعیدآباد پولیس اسٹیشن میں اس خصوص میں ایک معاملہ تعزیرات ہند اور پولیس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ پولیس کو بعد ازاں پتہ چلا کہ یہ فون کال سنتوش نگر علاقہ سے کیا گیا جس کا پتہ چلاتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اس کوعدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے اس ملزم کو 18دن کی جیل کی سزا سنائی۔