حکومت سے بڑی ہے تنظیم‘‘، کیشو پرساد موریہ کے ٹوئٹ سے یوپی کی سیاست میں ہلچل

624

لکھنؤ:اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے ایک لائن والے ٹوئٹ نے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

موریہ نے اتوار کو ٹوئٹ کیا، "تنظیم حکومت سے بڑی ہے۔ حالانکہ ٹوئٹ میں کسی خاص واقعے کا ذکر نہیں کیا گیا، لیکن اس ٹوئٹ نے قیاس آرائیوں کو ہوا دے دی ہے، کیونکہ انہوں نے حال ہی میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی تھی۔

کیشو پرساد موریہ کا یہ ٹوئٹ ایسے وقت میں آیا ہے جب اتر پردیش کو بی جے پی کے نئے ریاستی صدر کا انتظار ہے۔ پارٹی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ "ٹوئٹ سے ایسا لگتا ہے کہ کیشو پرساد موریہ کو اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور یہ اپنے حامیوں کو بتانے کا ان کا نیا طریقہ ہے۔”

کیشو پرساد موریہ ایک بااثر او بی سی رہنما ہیں، وہ 2017 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے دوران اتر پردیش بی جے پی کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں حال ہی میں سوتنتر دیو سنگھ کی جگہ قانون ساز کونسل میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔