ناندیڑ: 19 فروری (ورق تازہ نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی جانب سے پورے ملک میں ایک مہم بعنوان” مضبوط خاندان مضبوط سماج“ کاانعقاد کیاجارہاہے۔ اس مہم کے ضمن میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند ناندیڑ نے آج بروز جمعہ کو سہ پہرچار بجے دفتر جماعت میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی۔ جس سے میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند ناندیڑکی ذمہ داران محترمہ ملکہ فردوس ناظم حلقہ خواتین ‘ ڈاکٹرنسرین رکن شوریٰ‘ محترمہ عشرت پروین معاون ناظم‘محترمہ شہناز صادق رکن جماعت اسلامی ہند ناندیڑنے صحافیوں کو اس مہم کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں۔

ملک میں سماج ،خاندانی کمزوری اور انتشار کی طرف بڑھتا جارہا ہے خاندانی تنازعات ، گھریلو تشدد، خواتین کے ساتھ زیادتی اور طلاق کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ایسے وقت میں جماعت اسلامی ہند نے شعبہ خواتین کے ذریعے ملک گیر مہم ”مضبوط خاندان مضبوط سماج“اس عنوان کے تحت 19 کا 28فروری تک مہم چلائے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاک ڈاون کے دوران گھریلوتشددکے واقعات میں دوگنا اضافہ ہوا ہے جو باعث تشویش ہے ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذمہ داران نے کہا کہ ملک کے حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے اس دس روزہ پروگرام کے ذریعے ملک کے ہر طبقے تک اپنی مہم کا پیغام پہنچانے کی کوشش کی جائے گی اسی کے تحت ناندیڑ ر میں بھی کئی پروگرام تشکیل دیے گئے ہیں۔ جس کے تحت گھر گھر جاکر خواتین سے ملاقات کی جائے گی ‘سوشل میڈیا کااستعمال کریںگے ‘فیملی میٹنگ، این جی او کے افراد سے ملاقات ،وغیرہ سے ملاقات کی جائے گی۔مہم کے دوران کورونا وباءکی روک تھام کیلئے نافذ احتیاطی تدابیر پرعمل آوری کی جائے گی ۔ ناندیڑمیں مہم کے دوران لڑکیوںکیلئے ڈیبیٹ پروگرام رکھاجائے گا ا س کے علاوہ تقریری و مضمون نویسی کامقابلہ بھی ہوگا ۔ مہم کے اہم نکات اس طرح ہیں(۱) مسلم معاشرہ میں قرآن وسنت کی تعلیمات کے حصول کاجذبہ اوران پرعمل کاشعور بیدار ہو(۲)اسلامی اخلاق ااورکردارکی بنیاد پرشخصیت سازی کارجحان پیدا ہو۔(۳)اسلام کے راہ نما اصولوں کی روشنی میں جذبات کی تربیت اور سماجی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا جذبہ پیدا ہو۔(۴)س اُمت کے اندرداعیانہ کردار ادا کرنے کاشعور پیدا ہو اور وہ اپنے گھروں کوقابل تقلید نمونہ بنانے کےلئے متحرک ہوں۔(۵)اُمت کے قائدین اُمت کی رہنمائی کےلئے آگے آئیں۔