حضرت خواجہ حسن نظامی رحمتہ اللہ علیہ کا 69/واں سالانہ عرس شریف تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا

178

دہلی 23/جولائی (راست) شمس العلمائ مصور فطرت حضرت خواجہ حسن نظامی دہلوی رحمتہ اللہ علیہ کا 69/واں سالانہ عرس شریف 17/جولائی 2022 کو بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ آپ کے جانشین حضرت خواجہ سید محمد نظامی دہلی رتن مدظلہ العالی نے عرس مبارک کا معقول انتظام فرمایا۔

عرس مبارک کے موقع پر فاتحہ خوانی ، چادر و گل پیش کی گئی۔ قومی سطح کا ایک سیمینار بعنوان ” حضرت خواجہ حسن نظامی رحمتہ اللہ علیہ کی حیات وخدمات ” منعقد کیا گیا جس کی صدارت عالی جناب پدم شری پروفیسر ڈاکٹر اختر الواسع صاحب ( سابق وائس چانسلر جودھپور یونیورسٹی) نے کی۔ مہمان خصوصی عالی جناب ڈاکٹر عقیل احمد صاحب ( سکریٹری غالب اکیڈمی دہلی) جناب فاروق ارگلی صاحب شاعر و ادیب حاضر تھے۔ دیگر مقالہ نگاروں میں عالی جناب ملا درویش محی الدین خالد نظامی صاحب ( خلیفہ و ناظم ادونی آندھرا پردیش) اور جناب عبدالملک نظامی صاحب ناندیڑ شامل تھے۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر عالی جناب ڈاکٹر افضل منگلوری نے حضرت خواجہ حسن نظامی رحمتہ اللہ علیہ پر تازہ منقبت پیش کی اور خوب داد حاصل کی۔ شہ نشین پر حضرت خواجہ عبد الرب صاحب نظامی و حضرت پیر پاشا صاحب نظامی (خلیفہ و ناظم بلہاری کرناٹک) اور مشایخ و معزز حضرات رونق افروز تھے۔ عرس کے دوسرے دن فاتحہ خوانی و حلقہ ہوا۔ دو دن تک ہر عام و خاص کے لیے لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ عرس مبارک میں ملک کے مختلف علاقوں سے حلقہ بگوش حضرت خواجہ حسن نظامی رحمتہ اللہ علیہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ عرس مبارک کے موقع پر ماہنامہ ” رہنمائے تعلیم وتربیت ناندیڑ” کے ( چوتھے شمارے) ماہ جولائی 2022 کا رسم اجرائ بھی کیا گیا۔