حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ تعالی عنہا، صنفِ نازک کےلئے مشعلِ راہ

31

حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ تعالی عنہا،
صنفِ نازک کےلئے مشعلِ راہ

خَدیجَہ بنت خُوَیلِد و ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری رضی اللہ تعالی عنہا پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اولین زوجہ اور حضرت فاطمۃ زہرا رضی اللہ تعالی عنہا کی مادر محترم ہیں۔
روئے زمین پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والی پہلی شخصیت ہیں۔ آپ نے اپنا سارا مال اور ساری دولت اسلام کی نشو و نما میں خرچ کر دیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کی ثروت سے مقروضوں کے قرض ادا کئے، یتیموں، تہی دستوں اور بے نواؤں کے مسائل حل کئے۔
حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا نے اپنی نشیب و فراز والی زندگی کے دوران، جب کفار مکہ کی طرف سے آپ کو بےحد اذیت و آزار پہنچایا جاتا تھا، صبر کا دامن نہیں چھوڑا، اور کبھی زبان سے شکوہ نہیں کیا، جو نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے رنج والم میں اضافے کا سبب بنے۔
حضرت خدیجہ انتہائی باھوش، زیرک اور صاحب بصیرت خاتون تھیں- آپ نے اپنے زمانے کے جہالت سے بھرے معاشرے میں جب عورت کوئی سماجی حیثیت نہیں رکھتی تھی، اپنے لئے انفرادی اور اجتماعی لحاظ سے ایک بلند اور ممتاز سماجی و معاشرتی مقام پایا-
یہ با عظمت خاتون، جہالت و بت پرستی کے تاریک دور میں بھی اپنی عظیم ودقیق بصیرت سے پیغمبر آخرالزمان کی معرفت حاصل کر چکی تھیں۔ آپ کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ازدواجی زندگی، شوہر داری، تربیتِ اولاد، ہمسایوں اور حتیٰ مشرکین کے ساتھ آپ کا برتاو ایک بے مثال شخصیت کی عکاسی ہے۔ آپ اپنے وقت کی سب سے بڑی تاجرہ خاتون ( Business woman) تھیں۔
حضرت خدیجہ کا گھر، اسلام کے ان اہم مکانوں میں سے ہے جس میں بہت سی تلخ و شیرین تبدیلیاں اور حوادث رونما ہوئے۔ باوجود اس کے آپ نے صبر و شکر کا دامن نہیں چھوڑا یہ وہی گھر ہے جہاں سے اسلام کا سورج طلوع ہوا۔
آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت خدیجہ کو اپنی سب سے برتر اور با فضیلت ترین شریک حیات اور عالم ہستی کی چار برگزیدہ خواتین میں سے ایک خاتون کے نام سے متعارف فرمایا۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کی فضیلت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے متعدد روایات بیان ہوئی ہیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: دو جہان کی بہترین عورتیں مریم بنت عمران، آسیہ بنت مزاحم، خدیجہ بنت خویلد اور فاطمہ بنت محمد ہیں۔ ایک اور جگہ فرمایا: چار عورتیں دنیا کی عورتوں کی سردار ہیں؛ مریم، آسیہ، خدیجہ اور فاطمہ سلام اللہ علیھم۔
بحثیت زوجہ، بحثیت ماں، بحثیت ورکنگ ویمن (working women) حضرت خدیجۃ الکبری صنفِ نازک کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔

بقلم: عائشہ نبیلہ محمد کاشف