ممبئی : مہاراشٹر کے عازمین حج کے لئے آن لائن قرعہ اندازی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی نے ممبئی صابو صدیق مسافر خانہ میں واقع اپنے دفتر میں 4856 نششتوں کے لئے آن لائن قرعہ اندازی کا اہتمام کیا۔ واضح رہے کہ اس سال صرف 14 ریاستوں میں ہی عازمین حج کے لئے قرعہ اندازی ہو رہی ہے اور مہاراشٹر سمیت کیرالہ، تمل ناڈو، دہلی، مدھیہ پردیش میں آن لائن قرعہ اندازی کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے۔

مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکیوٹیو افسر امتیاز قاضی نے قومی آواز کو بتایا کہ اس سال ریاست مہاراشٹر نے سب سے پہلے قرعہ اندازی کے عمل کو مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال مرکزی حج کمیٹی نے مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو 4 ہزار آٹھ سو 74 نششتوں کا کوٹہ فراہم کیا ہے۔ ان میں سے چار ہزار آٹھ سو 56 نششتوں کے ساتھ اضافی سیٹیوں کے لئے قرعہ اندازی کا پروسیس مکمل کر لیا گیا ہے۔

امتیاز قاضی نے کہا کہ مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو اس سال 11 ہزار ایک سو 92 درخواستیں موصول ہوئیں تھیں۔ ان میں 4856 سیٹوں کو چھوڑ کر باقی 6 ہزار تین سے زیادہ عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں شامل کر کیا گیا ہے۔ ‘ان میں 1395 دخواستیں 65 سال سے زیادہ عمرکے عازمین حج کی تھیں، جن پر سعودی حکومت نے اس سال کووڈ پالیسی کے تحت امتناع عائد کر دیا ہے۔’
امتیاز قاضی نے بتایا کہ 18 درخواستیں بغیر محرم کے سفر حج پر روانہ ہونے والی خواتیں کی ہیں جسے قرعہ اندازی کے بغیر قبول کر لیا گیا ہے۔ ان میں 11 درخواستیں دو سال سے کم عمر کے بچوں کی بھی شامل ہے۔ قاضی نے کہاکہ قرعہ میں منتخب ہونے والے عازمین کو مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مطلع کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سال 2022 کے لئے ہندوستان کو 79 ہزار دو سو 23 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ 56 ہزار چھ سو ایک سیٹیں مرکزی حج کمیٹی کے حصے میں آئی ہیں۔ ان نششتوں کو 14 ریاست میں تقسیم کیا گیا ہے۔