دہلی، 22 اپریل (یو این آئی) سینٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کا آج یہاں انتخاب عمل میں آیا جس میں کمیٹی کی تاریخ میں پہلی بار وائس چیئرمین کے عہدے پر دو مسلم خواتین کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔آج یہاں منعقدہ انتخاب میں مسٹر اے۔ پی۔ عبداللہ کٹی کو بلامقابلہ چیئرمین کے عہدہ کے لئے منتخب کیا گیا جبکہ محترمہ منوری بیگم اور محفوظہ خاتون کا اتفاق رائے سے وائس چیئرمین کے عہدے کے لئے انتخاب عمل میں آیا۔

کمیٹی کے دیگر منتخب اراکین میں مسٹر اعجاز حسین راٹھر، مسٹر زین الدین محسن بھائی زاویری، مسٹر سید ظفر اسلام، مسٹر ہدایت خان دھولیہ اور مسٹر سی۔ محمد فیضی کے نام شامل ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سنیئر لٰیڈر اور مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے حج کمیٹی آف انڈیا کے نو منتخب اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کمیٹی کی تاریخ میں پہلی بار وائس چیئرمین کے عہدے پر دو مسلم خواتین کے انتخاب پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا۔