حج سے 18 فیصد جی ایس ٹی ہٹائی جائے : حج سیوا سمیتی
نئی دہلی :22نومبر۔(ایجنسیز)آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حج سے 18 فیصد جی ایس ٹی ہٹائی جائے۔ سمیتی کے صدر حافظ نوشاد احمد اعظمی کا استدلال ہے کہ حج 2018 جی ایس ٹی کی وجہ سے کافی مہنگا ہو گیا ہے۔ دہلی سے فی عازم حج 74 ہزار روپے وصول کئے گئے ہیں جو آپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق رکن نے یہ اصرار کرتے ہوئے کہ جی ایس ٹی ہٹائے جانے سے سفر حج از خود سستا ہو جائے گا، گلوبل ٹنڈر کی اپنی مانگ کا بھی اعادہ کیا جس کے تعلق سے سمیتی کی کا ایک مرافعہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔جی ایس ٹی سے عازمین حج کو نجات دلانے کی تحریک جمہوری طریقے سے جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ مسٹر اعظمی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ عدالت سے انصاف ملے گا اور حکومت گلوبل ٹنڈر جاری کرنے پر مجبور ہو گی۔ انہوں نے 2019 سے سفر حج کیلئے پانی کا جہاز چلانے کے وزیر حج کے مبینہ اعلان اور حج فارم میں آبی سفر حج کے ذکر فقدان پر بھی سوالیہ نشان لگایا اور کہا کہ سمیتی ہندستانی حاجیوں کے مفادات کے تحفظ کی تحریک آئندہ بھی جاری رکھے گی۔