جی سی سی اور پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارت پر تیسرا مذاکراتی دور شروع
ابوظہبی : جی سی سی اور حکومت پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کا تیسرا آن لائن دور شروع ہو گیا ہے۔جی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق جی سی سی کی مذاکراتی ٹیم کے چئیرمین اور مذاکرات کے جنرل کوآرڈینیٹر عبدالرحمن بن احمد الحربی کا کہنا تھا کہ جی سی سی کی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں خلیجی ممالک اور ان کے بین الاقوامی اتحادیوں کے درمیان تمام شعبوں میں آزادانہ تجارت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران خلیج تعاون کونسل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر نائف فلاح مبارک الحجراف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔بلاول بھٹو نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے پاکستان کے ساتھ تاریخی روابط ہیں۔ پاکستان خلیجی ریاستوں کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔دونوں راہنماؤں نے ملاقات کے دوران خلیجی ریاستوں اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے اور معاشی تعلقات کو بڑھوتری دینے سے متعلق امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اسٹرٹیجک ڈائیلاگ سے متعلق جوائنٹ ایکشن پلان کی روشنی میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔