بھیلواڑہ: راجستھان کے ضلع بھیلواڑہ میں دو افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردینے اور ان کی موٹرسائیکلوں کو جلانے کے بعد کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق بدھ کی رات تقریباً 10 بجے شہر کے علاقے سانگانیر کے کربلا روڈ پر نقاب پوشوں نے دو نوجوانوں پر حملہ کردیا جس میں دونوں زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں ان لوگوں نے نوجوان کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔ جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔

واقعہ کے بعد پولیس اور افسران موقع پر پہنچ گئے اور کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ ضلع کلکٹر آشیش مودی کے مطابق علاقے میں ایک مقام پر بیٹھے دو نوجوانوں پر کچھ نقاب پوشوں نے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔ اس معاملے میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جاری ہیں۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ آدرش سدھو نے بتایا کہ سانگانیر کے کربلا روڈ پر دو نوجوان بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک کچھ لوگوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر علاقے میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے اور علاقے میں کسی قسم کی کارروائی میں خلل کی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو سی سی ٹی وی وغیرہ سے کچھ سراغ ملے ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔کشیدگی کے پیش نظر علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو دن بھر کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے میں چار نوجوانوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔