جنگ شروع ہوچکی ہے، نوجوان پستول اٹھالیں:تیلنگانہ بی جے پی صدرکامتنازعہ بیان

3,006

حیدرآباد۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے ریاست میں لا اینڈ آرڈر کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرتے ہوئے عوام بالخصوص نوجوانوں کو پستول پکڑکر تیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ شروع ہوگئی ہے۔

چیف منسٹر کے سی آر نے پرجا سنگرام یاترا کو روکتے ہوئے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ جس کا انہیں خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ ٹی آر ایس سوشل میڈیا کے کنوینر کرشن نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کے اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر پوسٹ کیا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا ہے۔

بنڈی سنجے نے پولیس کی جانب سے ان کی پرجا سنگرام یاترا کو روکنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرجا یاترا جہاں پر روک دی گئی ہے دوبارہ وہاں سے شروع ہوگی۔ انہوں نے عوام اور نوجوانوں کو پستول کے ساتھ تیار رہنے کا مشورہ دیا۔ بنڈی سنجے تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی صدر ہونے کے ساتھ ساتھ رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔

انہیں قواعد اور قوانین کا احترام کرنا چاہئے۔ سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی فائدے کیلئے کام کرتی ہیں لیکن قوانین کی خلاف ورزی اور امن کو نقصان پہنچانے کیلئے ہتھیار اٹھالینے کا مشورہ دینا سیاسی قائدین بالخصوص عوامی منتخب نمائندوں کو زیب نہیں دیتا۔

بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی دختر دہلی شراب اسکام میں تھیں پھنس چکی ہیں۔ سی بی آئی اس کی تحقیقات کررہی ہے۔ اس اسکام سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ان کی پرجا سنگرام یاترا میں رکاوٹ پیدا کی گئی اور انہیں ضلع جنگاؤں سے گرفتار کرتے ہوئے کریم نگر منتقل کیا گیا ہے۔

بنڈی سنجے نے کہا کہ ان کی پدیاترا 21 دن سے جاری ہے کبھی کوئی لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیش نہیں آیا۔ جہاں سے پدیاترا روک دی گئی ہے وہی سے دوبارہ شروع کریں گے۔