نئی دہلی :ہندوستان میں اس وقت کورونا کی دوسری لہر عروج پر ہے۔ کورونا بحران کو لے کر کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر ایک بار پھر شدید تنقید کی ہے ۔ انھوں نے ٹوئٹر ہینڈل سے ہیش ٹیگ جی ایس ٹی کے ساتھ لکھا ہے ’’جنتا کے پران جائیں پر پی ایم کی ٹیکس وصولی نہ جائے۔‘‘ اس سے قبل راہول گاندھی نے پی ایم مودی پر تنقید کرتے ہوئے تھا کہ لوگوں کو بچانے پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے لکھا تھا کہ سنٹرل وِسٹا کریمنل ویسٹیج ہے۔ لوگوں کو بچانے پر دھیان دیجیے نہ کہ ایک نیا گھر بنانے کے لیے اپنے اندھے تکبر پر۔ اس سے قبل بھی راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ گزشتہ سال کا غیر منصوبہ بند لاک ڈاون عوام کے لیے خطرناک ثابت ہوا تھا ، اس لیے وہ مکمل لاک ڈاون کے خلاف ہیں ۔ لیکن پی ایم کی ناکامی اور مرکزی حکومت کی زیرو پالیسی ملک کو مکمل لاک ڈاون کی طرف ڈھکیل رہی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کے سبب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 4187 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ابھی تک ایک دن میں کورونا کے سبب ہوئی یہ سب سے زیادہ اموات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 4 لاکھ سے زیادہ نئے کورونا مریض بھی سامنے آئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران 4 لاکھ 1 ہزار 78 افراد کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں