سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے اکھرال میں گذشتہ رات ایک فوجی اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کر دی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے اکھرال علاقے میں گذشتہ رات فوج کی 12 راشٹریہ رائفلز یا آر آر کے ایک سپاہی ہنومان چوہدری نے مبینہ طور پر اپنے ہی سروس بندوق سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ فوجی اہلکار کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا۔پولیس پوسٹ اکھرال کے انچارج کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان کے مطابق انہیں 12 آر آر کے کیمپ سے اطلاع ملی کہ ہنومان چوہدری نامی سپاہی نے گذشتہ رات ساڑھے بارہ بجے اپنی اے کے 47 رائفل سے خود پر گولی چلائی۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعہ کی نسبت متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی ہیں نیز مزید تحقیقات کے لئے پولیس کی ایک پارٹی جائے واردات کی طرف روانہ ہوئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آ رہی ہے ۔


اپنی رائے یہاں لکھیں