پاکستان اوردیگر سے بات چیت کا عمل شروع کرنے پی ڈی پی قائد کا مشورہ

سری نگر۔ پی ڈی پی صدر اور سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ حکومت ہند کو جموں وکشمیر میں خون خرانے کو بند کرنے کے لئے پاکستان اور دیگر متعلقین کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو سوچنا چاہئے کہ آخر جموں و کشمیر کے لوگ کب تک قربان ہوتے رہیں گے ۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز ضلع اننت کے لوگری پورہ عشمقام میں جمعے کے روز باغات سری نگر میں جنگجوؤں کے ہاتھوں مارے جانے والے پولیس اہلکار کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔انہوں نے کہا:کچھ گھنٹوں کے اندر ہی اس پولیس اہلکار کو بے دردی سے مارا گیا۔ میں سمجھتی ہوں کہ حکومت ہند کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ آخر جموں وکشمیر کے لوگ کب تک قربانیاں دیتے رہیں گے ، ہمارے پولیس جوان اور دوسرے جوان کب تک اس طرح قربان ہوتے رہیں گے ’۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس کا حل ہونا ضروری ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر میں خون خرانے کو بند کرنے کے لئے بات چیت کا عمل شروع کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا: ’بی جے پی حکومت کو چاہئے کہ وہ جموں وکشمیر میں خون خرابہ بند کرنے کے لئے کم سے کم پاکستان یا یہاں کے متعلقین کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع کرے ’۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت بار بار کہتی ہے کہ پاکستان یہاں تشدد بھڑکاتا ہے تو کم سے کم ان کے ساتھ ہی تشدد کو بند کرنے کے لئے بات چیت ہونی چاپئے ۔بتادیں کہ باغات سری نگر میں جمعے کے روز جنگجوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ مہلوک اہلکاروں کی شناخت سہیل احمد اور محمد یوسف کے بطور ہوئی تھی۔حالیہ عرصہ میں ہندوستانی فوج کی جانب سے دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں