جمعیۃ علما ہند کی کامیاب پیروی کے نتیجے میں مقدمہ شروع ہونے سے پہلے ہی دو مسلم نوجوان دہشت گردی کے الزامات سے بری

نئی دہلی 10 جولائی ۔ دہلی کی این آئی اے کی خصوصی عدالت نے آج یہاں دہشت گردی کے الزامات سے محمد گل نواز اور عبدالصمد کوبری کردیا جبکہ دیگر چارملزمین کے خلاف چارج فریم کرکے مقدمہ کی سماعت شروع کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا ارشدمدنی کی ہدایت پر ملزمین کو جمعیۃ علماء ہند نے یہ قانونی امداد فراہم کی تھی۔

جمعیۃ علمائے ہند کی جاری کردہ ریلیز کے مطابق خصوصی این آئی عدالت کے جج پروین سنگھ نے دفاعی وکلاء ایڈوکیٹ عارف علی اور ایڈوکیٹ مجاہد احمد کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے فیصلہ میں کہاکہ استغاثہ ملزمین کے خلاف عدالت میں ایسا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکا جس کی روشنی میں ملزمین کے خلاف ٹرائل چلایا جائے۔