لکھنو:(ایجنسیز)اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو ان دنوں کئی وجوہات سے سرخیوں میں ہیں۔ ایک طرف تو وہ بی جے پی پرحملہ کررہے ہیں تو دوسری طرف اپنے ساتھ ایک خاص شخص کو لے کرگھوم رہے ہیں۔ جی ہاں! آج کل اکھلیش یادو کے ساتھ اسٹیج پرنظرآنے والے سریش ٹھاکردکھنے میں پوری طرح سے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جیسے دکھتے ہیں۔ کئی بارتولوگ جب انہیں پیچھے سے دیکھتے ہیں تو چکمہ بھی کھا جاتے ہیں۔ وہ نہ صرف یوگی آدتیہ ناتھ کی طرح دکھتے ہیں بلکہ ان کے ہی جیسے بھگوا رنگ کے کپڑے بھی پہنے رہتے ہیں۔ سریش بھگوان بودھ کے پیروکارہیں۔
اکھلیش اپنی ہرمیٹنگ میں موجود لیڈروں سے سریش ٹھاکرکا تعارف کراتے ہیں۔ اکھلیش انہیں لے کراجودھیا اوربارہ بنکی بھی جاچکے ہیں۔ سماجوادی پارٹی (اس پی) میں مل رہی عزت سے پرجوش سریش کہتے ہیں اب ان کی زندگی اکھلیش یادو کوہی وقف ہے۔اس بارے میں جب سریش ٹھاکرسے یہ پوچھا گیا کہ آپ یوگی آدتیہ ناھ کی طرح کیوں کپڑے پہنتے ہیں توان کا جواب تھا کہ یہی میرے ملبوسات ہیں۔ سریش نے اپنے بارے میں بتایا کہ وہ لکھنو کے رہنے والے ہیں اورپمپ آپریٹرکا کام کرتے تھے۔ سریش کویہ نوکری 2011 میں ملی تھی۔ تب مایاوتی اترپردیش کی وزیراعلیٰ تھیں، لیکن دسمبر2017 میں سریش کو نوکری سے برخاست کردیا گیا، تب تک یوگی آدتیہ ناتھ اترپردیش کے وزیراعلیٰ بن چکے تھے۔
نوکری جانے کے بعد سے ہی سریش نے منڈن کروالیا۔ پہلی بارسریش کولوگوں نے اکھلیش یادو کے ساتھ پہلی مئی کو دیکھا۔ سماجوادی پارٹی دفترمیں لکھنو لوک سبھا سیٹ کے لئے ایک میٹنگ بلائی گئی تھی۔ اکھلیش نے سریش ٹھاکرکو اسٹیج پربلاکر بیٹھنے کو کہا۔ کئی لوگ انہیں یوگی آدتیہ ناتھ سمجھ بیٹھے۔