دیوبند: معروف عالمی دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کوروناکی مہلک وبا کی وجہ سے جس طرح انسانی زندگی گذشتہ کافی عرصہ سے متاثر ہے اس کی وجہ سے جہاں تمام کاروباری سرگرمیاں ،آمد و رفت بالخصوص تعلیمی نظام قطعی طور پر درہم برہم ہے ۔

دارالعلوم دیوبند کا تعلیمی نظام بھی ا س مہلک وبا اور نافذ لاک ڈائون سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب جبکہ پورے ملک میں حالات آہستہ آہستہ سازگار ہوتے جا رہے ہیں اسی کے مد نظر دارالعلو م دیوبند کی تعلیمی مجلس کی ایک میٹنگ منعقد کی گئی ۔میٹنگ کے دوران ادارہ میں تعلیم کا آغاز کئے جانے سے متعلق صلاح ومشورے کئے گئے ۔

میٹنگ کے دوران آئندہ 21شوال المکرم 1442ھ بروز جمعرات تعلیمی نظام شروع کرنے پر کافی غور و خوض کیا گیا اور اسی کے ساتھ ساتھ صورت حال کا بھی بغور جائزہ لیا گیا لیکن مجلس کے آخر میں یہ طے کیا گیا کہ چونکہ ابھی ضلع سہارنپور میں لاک ڈائون جاری ہے جس کی وجہ سے ابھی اسکول ،کالج ،کاروباری مراکز اور دیگر تعلیمی ادارے بند ہیں اس لئے مزید انتظار کیا جائے اور حالات میں مثبت تبدیلی آنے کے بعد ادارہ میں تعلیم کے آغاز کی کوشش کی جائے ۔

واضح رہے کہ ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ادارہ کے اساتذہ و کارکنان کے علاوہ عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حالات کی درستگی اور تعلیمی اداروں میں جلد ازجلد تعلیم کے آغاز کیلئے دعاء کرتے رہیں .