نئی دہلی، 10مئی (یو این آئی) دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے شاہی امید سید احمد بخاری اور فتح پوری کے شاہی امام مفتی مکرم احمد نے کورونا انفیکشن کے خطرے کے مدنظر مسلمانوں سے عید کی نماز گھر پر ہی ادا کرنے کی اپیل کی ہے دونوں شاہی اماموں نے پیر کو الگ الگ ویڈیو جاری کرکے مسلمانوں سے اپیل کی کہ کووڈ 19 کی صورتحال کے مدنظر عید کی نماز گھر میں ہی ادا کریں۔

احمد بخاری نے کہاکہ اس وقت کورونا وائرس پورے ملک میں تیزی سے پھیل چکا ہے اور یہ وائرس بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی زد میں لے رہا ہے۔ یہ ایسا معاملہ ہے جو ہم نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر کا خطرہ بھی ہے اس لئے میری اپیل ہے کہ عید کی نماز اپنے گھروں میں ہی ادا کریں تو بہتر ہے۔فتح پوری کے شاہی امام مفتی مکرم نے کہاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر چل رہی ہے اور روز لاکھوں معاملے سامنے آرہے ہیں، ہزاروں لوگوں کی موت ہورہی ہے۔ حالات کے مطابق بہت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ لہر ابھی اور تیز ہوگی۔ اسی وجہ سے لاک ڈاون لگایا گیا ہے۔ رمضان میں ہم نے گھروں میں رہ کر عباد ت کی۔ گزشتہ برس ہم نے گھروں میں ہی عید کی نماز ادا کی تھی۔ بیماری کا خوف اب بھی موجود ہے اور انفیکشن بہت زیادہ ہے۔ اس لئے تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ عید والے دن بھی مسجد کی طرف نہ آئیں بلکہ گھروں میں ہی عبادت کریں۔ شریعت میں اس کی اجازت ہے۔انہوں نے لوگوں سے غریبوں خاص طورپر کوروناوائرس سے متاثر لوگوں کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل بھی کی۔