تین طلاق کے معاملے میں پانچ افراد کے خلاف رپورٹ درج

تھانے، 15 فروری (یواین آئی) تین طلاق کے معاملے میں ایک ہی خاندان کی دو خواتین سمیت پانچ افراد کے خلاف جمعہ کے روز رپورٹ درج کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ممبئی سے ملحقہ تھانے شہر کے مانپاڑا علاقے میں ایک خاتون نے شوہر اور سسرال والوں پر فروری 2019 سے جولائی 2019 کے بیچ پریشان کرنے کی شکایت درج کرائی۔شکایت کنندہ نے بتایا کہ اس کے باپ نے شادی کے وقت کوئی جہیز نہیں دیا تھا لیکن بعد میں سسرال والوں نے 30 ہزار روپے لئے تھے اور ٹو وہیلر گاڑی کے لئے پیسوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سسرال والوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی مانگ لڑکی والوں نے پوری نہیں کی تو لڑکی کو زندہ جلا دیں گے۔سسرال والوں کی جب مانگ پوری نہیں ہوئی تب شوہر نے تین بار (طلاق، طلاق، طلاق) کہہ کر غیر قانونی طریقے سے شادی توڑ دی۔متاثرہ لڑکی ویٹر کا کام کرتی ہے اور مبینہ ملزمین میں شریک شیخ، سائرہ شیخ، شمشیر شیخ،جمشیدشیخ اور ياسمن ملک شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 498 اے، 323، 504، 506 اور 34 کے تحت اور مسلم خواتین ( شادی سے متعلق حقوق کا تحفظ )ایکٹ، 2019 کے تحت بھیونڈی کے شانتی نگر پولیس اسٹیشن نے جمعہ کے روز مقدمہ درج کیا تھا۔