حیدرآباد، 21/ جنوری(یواین آئی)آسڑیلیا میں کھیلی گئی ٹسٹ سیریز کے ہیرو حیدرآبادی تیز گیند باز محمد سراج کے شہر پہنچنے پر شاندار استقبال کیاگیاوہ ممبئی سے شمس آبادایرپورٹ پرآج صبح پہنچے انہوں نے اپنی پہلی مصروفیت کے طورپر والد کی قبر پر حاضری اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی اس موقع پر وہ باپ کے سایہ سے محروم ہونے پر کافی مغموم اوردل گیر بھی دیکھے گئے .

واضح رہے کہ محمد سراج نے حالیہ دورہ آسڑیلیا میں سب سے زیادہ 13وکٹیں حاصل کیں انہوں نے اپنے کئیرئیر کا اولین ٹسٹ ملبورن میں کھیلتے ہوئے میچ میں پانچ وکٹیں لی تھی محمد سراج نے برسبین میں آسڑیلیا کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو بھاری سبقت سے روکا اور ہندوستان کے لئے جیت کا نشانہ 328رن کو قابل عبور بنایا۔

انہوں نے اپنی نپی تلی بولنگ کے ذریعہ آسڑیلیا کی مجموعی سبقت کو327رنز تک محدود رکھا۔آسڑیلیا پہنچنے کے بعد محمد سراج کو ان کے والد کی موت کا صدمہ لگا اور بعد ازاں ان کو نسلی تعصب کا شکار ہونا پڑا لیکن انہوں نے اپنی کارکردگی پر اس کو اثرانداز ہونے نہیں دیا۔ ان کے اسپورٹنگ اسپرٹ کی نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں ستائش کی گئی۔