تلنگانہ : کرونا وائرس کے مزید دو معاملات کی تصدیق کی’حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں مریضوں کا ہجوم

حیدرآباد۔ 4مارچ (یو این آئی)تلنگانہ کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کرونا وائرس کے مزید دو معاملات کی تصدیق کی ہے۔دونوں مریضوں کو گاندھی اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں ان کا علاج کیاجارہا ہے۔عہدیداروں نے ان کے مختلف نمونوں کو این آئی وی پونے بھیجنے کے بعد اس کی تصدیق کی ہے۔

ان مریضوں میں سے ایک نے اٹلی کا سفر کیاتھا جبکہ دوسرا مریض،پہلے مریض کا قریبی رشتہ دار ہے۔واضح رہے کہ پہلے ہی گاندھی اسپتال میں کرونا وائرس کی مثبت علامات کے ساتھ ایک مریض گاندھی اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

شہر حیدرآباد کا گاندھی اسپتال جہاں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا علاج کیاجارہا ہے، کے آئسولیشن وارڈ میں مریضوں کا ہجوم دیکھاجارہا ہے۔اس مرض کی مشتبہ علامات کے ساتھ اسپتال سے رجوع ہونے والوں کے مختلف معائنے کئے جارہے ہیں۔یہ سہولت تلنگانہ میں صرف گاندھی اسپتال کو ہی حاصل ہے جس کے بعد یہاں کے ڈاکٹرس کے کام میں اضافہ ہوگیا ہے۔اس آئسولیشن وارڈ میں 40بستروں کی گنجائش ہے اور اس مرض کی مشتبہ علامات کے ساتھ رجوع ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔