تلنگانہ میں کے سی آر کو بی جے پی کا آفر ، مگر اویسی کاساتھ چھوڑنا ہوگا
نئی دہلی۔9 دسمبر (ایجنسیز )تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کی 119 سیٹوں کیلئے سات دسمبر کو ووٹنگ ہونے کے بعد اب گیارہ دسمبر کو آنے والے نتائج کا انتظار ہے۔ ووٹنگ کے بعد آئے ایگزٹ پولس کے مطابق ریاست کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راو کی پارٹی تلنگامہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کو اکثریت ملتی نظر آرہی ہے۔ حالانکہ بی جے پی خود کو بھی ریس سے باہر نہیں مان رہی ہے۔ تلنگانہ بی جے پی نے کے سی آر کو آفر کیا ہے کہ اگر وہ اسد الدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ساتھ جانے کا فیصلہ چھوڑ دے ، تو بی جے پی ان سے ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہے۔ایگزٹ پولس کے مطابق تلنگانہ میں چندر شیکھر راو کی پارٹی ٹی آر ایس کو 119 سیٹوں میں 67 سیٹیں مل سکتی ہیں ، جبکہ کانگریس و دیگر کو 39 ، بی جے پی کو پانچ اور دیگر کو 8 آٹھ سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ ریاست میں کانگریس اور بی جے پی دونوں کے پاس کھونے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے ، لیکن پانے کیلئے بہت کچھ ہے۔ اگر کے سی آرکی پارٹی مطلوبہ نمبر سے کچھ قدم دور رہ جاتی ہے ، تو بی جے پی اور کانگریس دونوں پارٹیاں سیاسی جوڑ توڑ میں پیچھے نہیں ہٹیں گی.