تلنگانہ میں این آر سی پر عمل نہیں کیاجائے گا
حیدرآباد 15جنوری (یواین آئی)تلنگانہ کے وزیرداخلہ محمد محمود علی نے وعدہ کیا ہے کہ ریاست میں این آر سی پر عمل نہیں کیاجائے گا۔مسٹر علی نے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں مکتھل میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے وزیراقلیتی امور مختار عباس نقوی کو مطلع کیا ہے کہ ریاست میں این آر سی پر عمل نہیں کیاجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ نہ صرف پاکستان،بنگلہ دیش اورافغانستان بلکہ دنیا بھر کے ستائے ہوئے ہندووں کو ہندوستان کی شہریت دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ عوام میں اس تعلق سے غیر ضروری الجھن پیداکی جارہی ہے۔
انہوں نے مرکز سے پوچھا کہ ملک کے شہریوں کو اس معاملہ میں کیوں نشانہ بنایاجارہا ہے جو یہاں کئی نسلوں سے قیام پذیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کے پاس بھی پیدائشی صداقت نامہ نہیں ہے۔اس کے نتیجہ میں صورتحال پیچیدہ ہورہی ہے۔وزیرداخلہ ریاستی حکومت کی طرف سے اس معاملہ پر بیان دینے والے پہلے فرد ہیں۔حالانکہ ٹی آرایس کے ارکان پارلیمنٹ نے قبل ازیں شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کی تھی۔