تقریباﹰ چار لاکھ بھارتی باشندے شہریت چھوڑ کر بیرون ملک چلے گئے
نئی دہلی:حکومت کے مطابق پچھلے تین برسوں میں بھارتی شہریوں نے 103 ممالک میں ہجرت کی۔ ان میں سے 7,046 افراد سنگاپور گئے، 3,754 سویڈن میں آباد ہو گئے جب کہ 170 بھارتیوں نے بحرین کی شہریت اختیار کر لی۔ 12 افراد ایران جبکہ ایک شخص نے عراق کی شہریت بھی حاصل کی۔
اس کے علاوہ اٹلی، جرمنی اور اسپین جیسے یورپی ممالک میں بھی گزشتہ تین برسوں کے دوران مقامی شہریوں کے طور پر ہزاروں بھارتی نژاد افراد مستقل آباد ہو گئے۔
دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنے کی پیچھے سماجی، اقتصادی اور مختلف نسلی گروہوں میں وسیع پیمانے پر مختلف وجوہات ہوتی ہیں۔ عام طور پر دنیا بھر میں لوگ بہتر حالاتِ زندگی اور روزگار کے مواقع کے سبب اپنے اپنے آبائی ممالک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
تاہم اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بھارتی تارکین وطن کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب نئی نسل کے بہت سے لوگوں کے پاس دوسرے ممالک کے پاسپورٹ ہیں۔ اس صورت میں بہت سے عمر رسیدہ بھارتی شہری بھی بیرون ممالک میں مقیم اپنے خاندانوں کے ساتھ مستقل رہائش کا انتخاب کر رہے ہیں۔