ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے رونالڈو کی دست خط شدہ جرسی کی نیلامی
ترکیہ کے فٹ بال کھلاڑی مریح دیمیرل نے عالمی شہرت یافتہ پرتگیزی فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی دست خط شدہ جرسی زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے نیلام کردی ہے۔
دیمیرل یووینٹس فٹ بال کلب میں رونالڈو کے ساتھ کھیلتے ہیں۔انھوں نے ایک ٹویٹر پوسٹ میں لکھا ہے:’’میں نے ابھی کرسٹیانوسے بات کی۔انھوں نے ترکیہ میں جو کچھ ہوا،اس پرافسوس کااظہارکیا ہے۔ ہم رونالڈو کی دست خط شدہ جرسی کو اپنے مجموعے میں سے نیلام کررہے ہیں‘‘۔
انھوں نے مزید بتایا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔
دیمیرل کے اس اقدام کے بعد اطالوی کھلاڑی لیونارڈو بونوچی اورارجنٹائن کے کھلاڑی پاؤلو ڈیبالا نے بھی اپنی دست خط شدہ جرسیاں عطیہ کی ہیں اورانھیں بھی نیلام کردیا گیا ہے۔
دیمیرل کے ٹویٹراکاؤنٹ کے مطابق بدھ کے روز تینوں جرسیاں مجموعی طورپر2 لاکھ 65 ہزار 454 ڈالر (پچاس لاکھ ترک لیرا) میں فروخت ہوگئی ہیں۔
ترکیہ اورہمسایہ ملک شام میں پیرکی صبح آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی اور دونوں ممالک میں انیس ہزارسے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔7.8 شدت کا یہ زلزلہ خطے میں اب تک آنے والے سب سے طاقتوربھونچالوں میں سے ایک تھا۔اس کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے متعدد ممالک نے دونوں ملکوں میں امدادی اور طبی ٹیمیں بھیجی ہیں اورانھوں نے متاثرہ علاقوں میں زلزلہ زدگان کے لیے امدادی مہم شروع کردی ہے۔