ترکیہ اور شام میں زلزلہ: 5 ہزار افراد کی اجتماعی طور پر تدفین

263

استنبول : ترکیہ اور شام میں گزشتہ ہفتے آنے والے زلزلے میں ہلاک ہونے والے 5 ہزار افراد کو اجتماعی طور پر دفن کیا جاچکا ہے ، مزید قبروں ی کھدائی کا کام جاری ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ اور شام میں گزشتہ ہفتے آنے والے زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ کئی ہزار زخمی اور بے گھر ہو گئے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے شہر ماراش میں ہلاک ہونے والے کم از کم 5 ہزار افراد کی گمنام لاشوں کو اجتماعی طور پر دفنایا جاچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق زلزلے کے باعث منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے برآمد ہونے والی لاشوں کو دفن کرنے کے لیے جنگل کے ایک بڑے حصے کو اجتماعی قبریں کھودنے کیلئے صاف کر دیا گیا ہے جہاں تابوت لے جانے والی گاڑیاں دن بھر ہر چند منٹ میں درجنوں نعشیں اس مقام پر دفنانے کے لئے لارہی ہیں۔تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہ ہونے کے باعث لواحقین کو قبروں پر نام اور نمبر تلاش کرنے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔

انتظامیہ نے شناخت نہ ہونے کے باعث قبروں کے قطبے کے بجائے لکڑی کے ڈنڈے لگائے ہیں جن پر ہلاک ہونے والوں کی تصاویر اور نمبر درج ہیں جبکہ مزید قبریں کھودنے کے لیے مشینوں کو 24 گھنٹے کام پر لگا دیا گیا ہے۔دوسری جانب عارضی خیمے بھی لگائے گئے ہیں جہاں اپنے پیاروں کی تلاش میں آنے والے لواحقین کی جانب سے زلزلے کے باعث ہلاک ہونے والوں کے غسل، کفن اور نماز جناز ادا کرنے میں مدد کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق قبروں کی تعداد میں مزید نمایاں اضافے کی توقع ہے جس کے لئے مزید کھدائی کا کام جاری ہے۔واضح رہے کہ زلزلے کے سات روز بعد بھی امدادی کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔