تاج محل کی مسجد میں نماز پڑھنے پرپابندی کیوں لگائی گئی؟
آگرہ:6؍۔نومبر(ایجنسیز)تاج محل کی مسجد میں نماز پڑھنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ نماز پڑھنے سے پہلے جس حوض (وضو خانہ) پر وضو کیا جاتا ہے وہاں بھی تالا لگا دیا گیا ہے۔ اب مسجد میں صرف جمعہ کے روز ہی نماز پڑھی جائے گی۔ اتنا ہی نہیں، تاج اور سیاحوں کے تحفظ کے نام پر تاج محل کا ایک گیٹ بھی بند کیا جا چکا ہے۔
تاہم ابھی تک جمعہ کے علاوہ اور دنوں میں بھی ملکی اور غیر ملکی سیاح مسجد میں نماز پڑھتے تھے۔ پابندی لگانے سے متعلق افسران کہہ رہے ہیں کہ حوض کو سیاحوں کی سکیورٹی کے لحاظ سے بند کیا گیا ہے۔تاج محل مسجد انتظامیہ کمیٹی کے صدر ابراہیم زیدی کا کہنا ہے، ’’ دو دن قبل مسجد کے امام سید صادق علی مسجد میں موجود تھے۔ تبھی وہاں تاج محل کے منتظم انکت نامدیو وہاں آئے اور زبانی طور پر امام صاحب کو وہاں نماز پڑھانے اور پڑھنے سے منع کر دیا۔ اتنا ہی نہیں جو سیاح اس وقت وہاں نماز پڑھنے جا رہے تھے انہیں بھی منع کر کے بھگا دیا۔ پوچھنے پر افسران نے کہا کہ ایسا اس لئے کیا جا رہا ہے کہ کہیں کوئی سیاح وضو بنانے والے حوض میں نہ گر جائے۔ تاہم آج تک حوض میں کوئی بھی سیاح یا بچہ نہیں گرا ہے‘‘۔لیکن اس سے متعلق جب تاج محل کے منتظم انکت نامدیو سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا، ’’ تاج محل میں صرف جمعہ کے روز نماز پڑھنے کا سپریم کورٹ کی جانب سے حکم ہے۔ دوسرے سیاحوں کی سکیورٹی کے نقطہ نظر سے بھی حوض کو بند کیا گیا ہے۔ ایسا کرنے کا حکم ہمیں اوپر سے ملا ہے‘‘۔