تاجر کے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر کھنڈنی مانگنے والا شخص گرفتار

375

ناندیڑ:13نومبر ( ورقِ تازہ نیوز) کوٹھا علاقہ میں ایک تاجر کے لڑکے کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر 50 ہزار روپئے کھنڈنی مانگنے والے سندیپ عرف بنٹی رتناکر جادھو ( ساکن بسویشور نگر، کوٹھا) کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس سلسلے میں دستیاب تفصیل کے مطابق روی نگر کے تاجر و کسان پانڈورنگ بالاجی کاکڑے نے دیہی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اشوک گھوربانڈ کو اس معاملہ کی اطلا ع دی۔

2 نومبر کی دوپہر تین بجے کے قریب کاکڑے کے موبائل پر فون آیا۔ کال کرنے والے شخص نے فون پر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ” میں بگھانیا بات کررہا ہوں، مجھے دو پیٹی (روپئے) دو۔“ تب تاجر نے دو پیٹی کس لیے مانگ رہے ہو استفسار کرنے پر اُس شخص نے کہا کہ تمہارے بچّے سائی کی فلڈنگ لگادو۔“ بعد ازاں وہ بار بار فون کرکے دو لاکھ روپئے کھنڈنی طلب کرنے لگا۔ اپنے لڑکے کے ساتھ کچھ غلط نہ ہو اس خوف سے تاجر کاکڑے نے 50 ہزار روپئے کھنڈنی دینے کی حامی بھری۔

اس کے بعد پولیس نے ایک ٹیم تشکیل دے کر کھنڈنی مانگنے والے شخص پر کارروائی کرنے کے لیے جال بچھایا۔ اورلُٹے ماما چوک تا مودی میدان ہساپور، بائے پاس روڈ پر سائی نگر پاٹی کے قریب تاجر کاکڑے کے پاس سے 50 ہزار روپئے کھنڈنی لیتے ہوئے سندیپ عرف بنٹی رتناکر جادھو ( 34 سال، ساکن بسویشورنگر، کوٹھا) کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔ سندیپ کی تلاشی لینے کے بعد پولیس نے اس کے پاس سے دو موبائل ضبط کیے۔

اس معاملہ میں ناندیڑ دیہی پولیس نے دفعہ 384,386 تعزیرات ہند کے تحت مقدمہ درج کیا۔ مزید تحقیقات پولیس سب انسپکٹر بالاجی نروٹے کررہے ہیں۔ پولیس انسپکٹر اشوک گھوربانڈ کی رہنمائی میں پولیس سب انسپکٹر آنند بچیوار، پولیس ہیڈکانسٹبل پرمود کرہاڑے، پربھاکر مالدوڑے، سنتوش جادھو، بالاجی چودھری، پولیس نائیک کوٹھیکر نے کارروائی میں حصہ لیا۔