بی جے پی کے سینئر رہنما پر قحبہ گری کا اڈہ چلانے کا الزام۔چھاپے میں 73 افراد گرفتار

نئی دہلی: میگھالیہ میں قحبہ گری کا اڈہ چلانے کا ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میگھالیہ پولیس سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اس پورے معاملے میں ریاستی بی جے پی کے نائب صدر برنارڈ ماراک بھی ملوث ہیں۔

میگھالیہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کی رات ماراک کے ریزورٹ میں چھاپے کے بعد اس ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ یہ ریزورٹ مغربی گارو پہاڑی اضلاع کے تورا سے تعلق رکھتا ہے۔ فی الحال پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم رہنما کی تلاش شروع کردی ہے۔ تاہم اس پورے معاملے میں پولیس نے 73 لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔

پولیس نے ہفتہ کواس ریزورٹ سے پانچ بچوں کو بھی بازیاب کرلیا ہے۔ واقعہ کے سامنے آنے کے بعد سے ریزورٹ کے مالکان ‘مفرور’ ہیں۔ ساتھ ہی ماراک نے بھی اس واقعے کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس میں انہوں نے کہا کہ پولیس نے یہ چھاپہ بغیر کسی وارنٹ کے کیا۔ انہوں نے میگھالیہ کے سی ایم پر انہیں نشانہ بنانے کا بھی الزام لگایا ہے۔ اس سب کے درمیان پولس اس معاملے کو فروری میں درج کیس سے جوڑنے پر غور کر رہی ہے۔ وہیں میگھالیہ بی جے پی اس پورے معاملے پر خاموش بیٹھی ہے۔