بیڑ کی بزرگ و معروف شخصیت مولانا واحد علی خان مالک حقیقی سے جاملے

بیڑ: 28 اگست (یو این آئی)بیڑ ضلع کی بزرگ و معروف شخصیت، مولانا واحد علی خان(چائے پتی والے) ساکن کارنجہ روڈ، بیڑ، جمعرات کی رات 2 بجے، 8 محرم الحرام 1442 ہجری, مطابق 28 اگست 2020 کو اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔

مرحوم نے زندگی کی 87 بہاریں دیکھنے کے بعد اس دارفانی سے کوچ کیا۔ انھوں نےانتہائی سادگی اور ہر چیز میں وقت کی مکمل پابندی و ڈسپلن کے ساتھ زندگی گزاری۔

مرحوم نے زاید از 25 سال جھارا مسجد، عزیز پورہ میں امامت کے فرائض انجام دیے, اور تبلیغی جماعت کے قیام کے بعد، ابتدا سے ہی اس سے وابستہ ہوئے اور زندگی بھر تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں میں جوش وجذبہ سے حصہ لیتے رہے۔ نمازوں کی وقت پر ادائیگی اور تلاوت قرآن پاک سے بطور خاص شغف رکھتے تھے۔
پسماندگان میں بیوہ اور تین لڑکیاں، دو لڑکے، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ مرحوم ، نثار احمد خان (یو این آئی اردو سروس، اورنگ آباد) کے خسر تھے۔
مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین ڈیڑھ بجے بعد نماز جمعہ تکیہ مسجد میں ادا کی گئی اور جسد خاکی کو اسی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔
انکی نماز جنازہ اور تدفین میں شہر بیڑ کے ساتھ ساتھ بیرونی شہر کے معززین، سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں و تنظیموں کے افراد نے بڑے پیمانے پر شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء کرے اور جملہ لواحقین و پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔