بیٹے کی موت کی خبر سن کر باپ بھی چل بسا

729

پالگھر: مہاراشٹر کے پالگھر ضلع کے ویرار قصبے میں ایک گربا پروگرام میں رقص کرنے کے دوران ایک 35 سالہ شخص کی موت ہوگئی۔ پولیس نے پیر کو یہ بات بتائی۔ویرار پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ منیش ناراپجی سونیگرا نامی شخص ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ویرار کے گلوبل سٹی کمپلیکس میں منعقدہ گربا پروگرام میں رقص کرتے ہوئے گرگیا تھا۔

اس شخص کو اس کے والد 66 سالہ ناراپجی سونیگرا اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹرس نے ان کے بیٹے کو مردہ قرار دیا۔ بیٹے کی موت کی خبر سنتے ہی والد بھی گر پڑے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔