Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

بھیونڈی میں شام 5 بجے کے بعد سبزی ، دودھ ، مٹن ، مرغی کی دکانیں ہوجائے گی بند بھیونڈی کے پولیس ڈپٹی کمشنر راج کمار شندے نے اٹھائے سخت

IMG_20190630_195052.JPG

بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی پولیس ڈپٹی کمشنر پولیس راجکمار شندے نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات سے بچنے کے لئے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے سختی اختیار کی ہے ۔ شہریوں سے تحفظ کے لئے سماجی فاصلے کو بے حد ضروری قرار دیتے ہوئے سبزی ، دودھ ، چکن ، مٹن وغیرہ کی دکانوں کو شام 5 بجے بند کرنے کا حکم دکانداروں کو دیا ہے ۔ لاک ڈاؤن قوانین کی مکمل تعمیل نہیں کرنے والے دکانداروں پر پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے ۔
واضح ہو کہ بھیونڈی پولیس ڈپٹی کمشنر راجکمار شندے نے کورونا وائرس پھیلاو سے بچنے کے لئے لاک ڈاؤن کے اصولوں پر عمل کو لے کر سختی اختیار کرلی ہے ۔ بھیونڈی شہر میں بلا سبب گھروں سے باہر نکلنے اور گھومنے پھرنے والوں پر لاٹھیاں برسانے ، اٹھک بیٹھک اور گاڑیاں ضبط کی جارہی ہیں ۔ بھیونڈی پولیس ڈپٹی کمشنر راج کمار شندے کا کہنا ہے کہ شہری کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنمائی اصولوں پر سنجیدگی سے عمل نہیں کر رہے ہیں ۔ ناکہ بندی کے دوران تمام افراد دودھ ، سبزیاں ، گوشت ، مچھلی ، انڈے خریدنے کے بہانے غیر ضروری طور پر گھومتے پھرتے پکڑے جارہے ہیں ۔ جس کا خمیازہ سارے شہر کے لوگوں کو بھگتنا پڑ سکتا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر شندے کے مطابق لوگ اشیائے خوردونوش خریدنے کے بہانے شہر میں صبح سے دیر رات تک گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے ۔ پولیس انتظامیہ نے شہریوں کی صحت و حفاظت کے پیش نظر احکامات جاری کر شہر کی تمام سبزی ، دودھ ، چکن ، مٹن کی دکانوں کو روزانہ شام پانچ بجے تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ان سبھی کھانے پینے کی دکانیں دوسرے روز صبح صبح کھولیں گی اور پھر شام 5:00 بجے بند ہوجائیں گی ۔ پولیس افسران نے متنبہ کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔