بھیونڈی شہر میں ملیں 2 نئے کورونا مریض

ایک ہفتے میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر ہوئی 5 ، بھیونڈی تعلقہ میں 3 مریضوں کی تعداد ملا کر پہنچی 8

بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی میں عالمی وبا کورونا نے اپنا پیر پھیلانا شروع کردیا ہے ۔گذشتہ 1 ہفتہ میں کورونا کے 5 افراد مثبت ملنے سے شہریوں میں حفاظت کو لے کر کھلبلی مچ گئی ہے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق پانچ روز قبل ویتال پاڑہ میں باندرہ سے آئے نوجوان میں کورونا مثبت پایا گیاتھا ۔جسے تھانہ کے خصوصی کورونا کورنٹائن سینٹر میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے ۔ کورونا مثبت نوجوان کے لواحقین کے خون کے نمونے معائنے کے لئے بھیجے گئے تھے ۔

تحقیقات میں مریض کی اہلیہ اور بیٹی کو کورونا مثبت پایا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر پروین آشٹیکر نے بتایا کہ پورے علاقے کو سیل کردیا گیا ہے اور ضروری صحت سے متعلق چیک اپ کی جارہی ہے ۔ عالمی مرض کورونا سے بچاو کے لئے لاک ڈاؤن قوانین پر عمل کرنا بہت ضروری ہے ۔ کمشنر آشٹیکر نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی حفاظت کے لئے کارپوریشن پربھاگ سمیتیوں کے تحت پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں کھولے گئے فیور کلینک میں پہنچ کر جانچ کرائے ۔ کورونا مثبت پائے جامے پر فورا علاج اور شناخت و پتہ بالکل خفیہ رکھا جائے گا ۔ کورونا وائرس کا خاتمہ سبھی کے صبر ، سب کے تعاون اور یکجہتی سے ہی کیا جاسکتا ہے ۔