بھیونڈی رضا اکیڈمی کاجلوسِ محمدیﷺ نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ نکالا گیا

0 98

لاکھوں فرزندان توحید نے سبز پرچم لہراتے اور درود و سلام کے پرکیف ماحول میں جلوس میں شرکت کی 

بھیونڈی ( شارف انصاری):- رضا اکیڈمی بھیونڈی اور جلوس عید میلادالنبی ٹرسٹ کے زیر اہتمام جشن عید میلادالنبی ﷺ کے مقدس موقع پر ہر سال کی طرح امسال بھی روایتی انداز میں کوٹرگیٹ سے نہایت ہی تزک و احتشام اور فلک شگاف نعروں کے ساتھ لاکھوں فرزندان توحید اور عاشقان رسول کاچودہواں سالانہ جلوسِ عید میلادالنبیﷺ نکالاگیا ۔ جس میں لاکھوں شمع رسالت کے پروانوں نے شرکت کی۔ قرآن مقدس کی تلاوت سے جلوس کے افتتاحی پروگرام کا آغاز کیاگیا اور رحمت عالم ﷺ کی بارگاہ میں نعت مبارکہ کا نذرانۂ عقیدت پیش کیا گیا۔ رضا اکیڈمی بھیونڈی کے جنرل سیکریٹری محمد شرجیل رضا قادری نے آیت کریمہ کا ورد کرایا ، اس کے وسیلہ سے امن و شانتی کے لئے دعا ہوئی، موصوف نے کہا یہ لاکھوں کا مجمع ہے آپ اگر ۱۰۰؍ مرتبہ درود شریف پڑھیں گے تو اس طرح کروڑوں کی تعداد میں حضور ﷺ کی بارگاہ  میں درود کا نذرانہ ٔ عقیدت پیش ہوگا۔قائد جلوس شیخ طریقت اولاد مخدوم سمناں حضرت علامہ الشاہ سید محمد جیلانی میاں اشرفی صاحب قبلہ کا پھول اور ہار سے استقبال کیاگیا ۔ قائد جلوس نے دعا فرمائی اور ان کی دعاکے بعد جلوس روانہ ہوا۔ جلوس روایتی انداز اور شان و شوکت کے ساتھ کوٹرگیٹ سے نکلا، نظامپورہ سے ہوتا ہوا ونجار پٹی ناکہ پہنچاجہاں بہار مدینہ مسجد میں عصر کی نماز باجماعت ادا کی گئی۔ بعدہٗ جلوس روانہ ہوا، اور ماموں بھانجہ گراؤنڈ پہنچا جہاں نماز مغرب با جماعت ادا کی گئی۔
شاہراہوں پر عاشقان رسول ﷺ کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر نظر آرہا تھا۔ ہاتھوں میں سبز پرچم لہرا رہے تھے۔ زبانوں پر درود و سلام کے نغمہ تھے۔ کوئی نعت مبارکہ کا نذرانہ عقیدت پیش کررہا تھا، کوئی سبز پرچم لہراکو ’سرکار کی آمد مرحبا‘ کے نعرے لگارہا تھا ۔ تو کوئی نعرہ تکبیر کی صدا بلند کررہا تھا۔ جلوس کا ایسا روح پرور منظر تھا جس نے اہالیان بھیونڈی کے دلوں کو روشن کردیا۔ جلوس کی ابتداء سے لے کر منزل اختتام تک جگہ جگہ نبی کے دیوانوں اور عاشقان رسول نے سبیل کا اہتمام کیا تھا،یہاں تک کہ بھیونڈی کی مختلف تنظیموں اور کمیٹی کی جانب سے متعدد مقام پر اور شرکاء کی خدمات کے لئے پانی، شربت ، مٹھائیاں اور دیگر اشیاء کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے قائد جلوس کا استقبال پھولوں اور شال سے کیا گیا۔
بعد ازاں جلو س اپنے آخری مقام ماموں بھانجہ گراؤنڈ پر پہنچا ۔قائد جلوس حضرت علامہ مولانا الشاہ سید جیلانی میاں اشرفی صاحب قبلہ نے لاکھوں عاشقان رسول سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ حضور رحمت عالم محسن انسانیت ﷺ کی ولادت کے دن خوشی و مسرت ایک مومن کے ایمان کا فطری تقاضہ ہے، چونکہ اس روز اسے شدت سے یہ احساس ہوتا ہے کہ یہی وہ دن ہے جس میں انسانوں کو ظلم واستبداد سے نجات دلانے والا، امن و آشتی کا پیغام سنانے والا، اللہ کا آخر ی پیغمبر خاکدان گیتی پر جلوہ گر ہوا۔ جس کے ظہور کی برکتوں سے کفر و شرک کی وادیاں زیر و زبر ہوگئیں۔ غرض یہ کہ وہ مقدس دن جو انسانوں کے لئے اتنی سعادتوں کا امین ہو اس دن جشن و مسرت انسانی فطرت کے عین مطابق ہے۔ بعدازاں قائد جلوس کی دعا پر جلوس کا اختتام ہوا۔محمد شرجیل رضا قادری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
IMG-20181121-WA0131
جلوس کے رواں ہونے سے قبل تھانہ پولیس کمشنر،بھیونڈی زون ۲ کے سنجے جادھو ، دونوں حلقہ کے اے سی پی سمیت مقامی پولیس اور بھیونڈی و اطراف کے سیاسی لیڈران بالخصوص بھیونڈی شہر این سی پی کے صدر خالد گڈو ،سینیئر کانگریسی لیڈر عبداللطیف بابا، پروفیسر کامبلے، سابق رکن پارلیمنٹ سریش کاشی ناتھ ٹاؤرے ، انیل گائیکواڑا، سینئر کانگریسی لیڈر طارق فاروقی، شجاع الدین، عرفان وائرمین ، وسیم انجینئر، درراج کامنکر، طلحہٰ (کارپوریٹر)، عمران ولی محمد(کاپوریٹر)، فراز بابا بہاؤالدین (کارپوریٹر)، ڈاکٹر نور، ڈاکٹر زبیر (کارپوریٹر)، جاوید بھائی (سی سی کیمرے والے)،ریحان ونچو(حاجی موٹرس)، محمد ابراہیم، اور دیگر سیاسی لیڈران و دانشوران نے قائد جلوس کا پھولوں سے استقبال کیا۔ کوٹرگیٹ مسجد سے لے کر ماموں بھانجہ گراؤنڈ تک ہر محلہ میں لوگ اپنے گھروں کی چھتوں پر پھولوں کے ذریعہ خیر مقدم کرتے رہے۔ عامر فاروقی ، مبارک حسین چودھری اور ان کے رفقاء نے گراؤنڈ پر نماز کی ادائیگی کے لئے وضو کا بہترین انتظام کیا تھا جہاں شرکاء جلوس نے نماز عصر اور مغرب ادا کی۔ 
جلوس کے ونجارپٹی ناکے پر پہنچنے پر سابق چئیرمین عمران ولی محمد خان نے قائد جلوس کا گلدستہ دے کر استقبال کیا ۔نیز سابق چئیرمین عمران خان کی جانب سے بنائے گئے اسٹیج پر آئے ہوئے مہمانوں کا بھی استقبال کیا گیا اس موقع پر اسٹیج پر ڈی سی پی شبھاس پرسے ، ڈی سی پی دیوراج دیپک، اے سی پی کوساڑیکر ، کانگریس بھیونڈی شہر ضلع صدر شعیب گڈو ، مئیر جاوید دلوی ، سابق ایم پی سریش ٹاورے ، گروناتھ ٹاورے، مائیناریٹی صدر طفیل فاروقی ،گٹ نیتا حلیم انصاری، چئیرمین ارشد انصاری، کارپوریٹر ملک مومن ، حسین مقبول خان، رگھو والن، منوج بھوئیر ، ساجد خان ،  سلام شیخ نظام پورہ پولیس اسٹیشن کے سینیئر انسپکٹر رمیش یادو وغیرہ موجود تھے ۔جلوس کے درمیان رضا اکیڈمی بھیونڈی اور جلوس عید میلادالنبی ٹرسٹ کے ممبران اپنی ایک الگ شناخت میں نظر آئے، سروں پر عمامہ شریف اور بیج لگا کر جلوس کے انتظامات کو برقرا ر کئے ہوئے ایک بہترین نظم و نسق کا ثبوت پیش کررہے تھے۔ اس تاریخی جلوس کے لئے پولیس محکمہ نے بڑے نظم و نسق کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیئے اور اپنا سخت بندوبست رکھا تاکہ کوئی ناخوش گوار واقعہ نہ ہو ۔ اور ٹریفک پولیس محکمہ نے روڈ اور سڑکوں پر آمد و رفت کا بہترین نظم کیا جس سے ٹریفک اور جلوس میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ نہیں پیدا ہوئی ۔
واضح رہے کہ بھیونڈی میں ۳۵؍ سالوں سے یہ جلوس بند تھا لیکن رضا اکیڈمی بھیونڈی کے مقامی صدر محمد شکیل رضا صاحب کی ۱۲؍ سالہ جدوجہد کے بعد  ۲۰۰۶؁ء میں حکومت مہاراشٹر نے ’’رضا اکیڈمی‘‘ کے نام جلوس عید میلاد النبی ﷺ کا پرمیشن جاری کیا اور یہ شکیل رضا صاحب کی کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم اتنے عالیشان پیمانہ پر جلوس کا اہتمام کرکے اپنے نبی ﷺ کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ جلوس میں شریک ہر فرد کو ان کی کمی کا احساس ہوا ، اسی لئے سبھی لوگ ان کے لئے دعاگو تھے۔ قائد جلوس اور تمام شرکاء نے دل کی گہرائیوں کے ساتھ شکیل رضا صاحب کے لئے دعا فرمائی کہ رب تبارک و تعالیٰ! اس مقدس دن کے صدقہ اور جلوس کے صدقہ میں ان پر آئی ہوئی مصیبت کو ختم فرمادے، آپسی اختلافات کے ختم فرماکربھائی چارگی اور محبت پیدا فرمادے ،خدا ! وہ دن پھر سے لائے کہ جلوس کی شان و شوکت کو دوبالا کرنے کے لئے شکیل رضا صاحب ہر سال  جلوس میں شریک رہیں۔