بھیونڈی ایسٹ اسمبلی حلقہ میں زبردست ڈرامے کے بعد کانگریس- سماجوادی اتحاد ٹوٹا

18

بی جے پی کے باغی صدر سنتوش شیٹی کو آخری لمحات میں کانگریس کا بی فارم ملا

سماجوادی پارٹی نے بھی رئیس شیخ کو پارٹی امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا

بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی ایسٹ اسمبلی حلقہ میں شیوسینا کے روپیش مہاترے کے خلاف انتخابی میدان میں بی جے پی بھیونڈی شہر ضلع صدر سنتوش شیٹی نے آزادامیدوارکی حیثیت سے اپنی امیدواری کا اعلان کیا تھا اور اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ ریلی نکال کر وہ اپنا پرچہ ء نامزدگی داخل کرنے کے لئے بھیونڈی مشرقی حلقے کے ریٹرننگ افسر کے دفتر میں داخل ہوئے اسی درمیان کانگریس پارٹی کی اعلی کمان دہلی کی جانب سے کانگریس پارٹی کے آخری پانچ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا اس میں بی جے پی کے باغی صدر امیدوار سنتوش شیٹی کا نام بھی شامل تھا۔ جس کے بعد سنتوش شیٹی نے بھیونڈڈی مشرقی اسمبلی حلقے سے کانگریس کے امیدوار کے طور پر اپنا پرچہء نامزدگی داخل کردیا ہے۔

واضح ہو کہ بی جے پی بھیونڈی کے شہر ضلع صدر سنتوش شیٹی جیسے قدآور لیڈر کی اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے سے کانگریس پارٹی کے حلقوں میں زبردست خوشی کا ماحول پایا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی میں اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ ان کی شمولیت نے بھیونڈی کانگریس پارٹی کی سیاسی قوت میں زبردست اضافہ کردیا ہے۔ جس سے یہاں کی عوام نے بھیونڈی کی مشرقی اور مغربی اسمبلی حلقوں سے کانگریس کی جیت کو یقینی بتایا ہے۔
بتادیں کہ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں شیوسینا کے روپیش مہاترے نے بی جے پی کے امیدوار سنتوش شیٹی کو صرف 3393 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔حالیہ اسمبلی کے عام انتخابات میں بی جے پی اور شیو سینا کے عظیم اتحاد کے بعد بھیونڈی مشرقی سمبلی حلقے کی سیٹ شیو سینا کے حصہ میں چلی گئی جس کے بعد سنتوش شیٹی نے شیو سینا کے امیدوار روپیش مہاترے کے خلاف آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم کانگریس میں شمولیت کے لئے جب انہیں مدعو کیا تب وہ پیر کو اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ ممبئی کے گاندھی بھون میں ایم پی سی سی کے دفتر پہنچے۔ دریں اثناء کانگریس اور این سی پی متحدہ محاذ نے سماج وادی پارٹی سے آپسی سمجھوتہ کرتے ہوئے بھیونڈی مشرقی اسمبلی حلقے کی سیٹ سماج وادی پارٹی کو دینے کا اعلان کردیا۔ پارٹی کے اس اعلان سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بھیونڈی کے میئر جاوید دلوی، سینئر کارپوریٹر عمران ولی محمد خان ، سابق میئر احمد حسین صدیقی سمیت کانگریس کے ۴۲ سے زائد کارپوریٹروں نے پارٹی کے دفتر میں ہی سنتوش شیٹی کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کردیا۔ان کے باغیانہ تیور کو دیکھتے ہوئے بالآخر کانگریس کی اعلی کمان نے بھیونڈی مشرقی اسمبلی حلقے سے سنتوش شیٹی کو امیدواری دی ہے۔آخری لمحات میں کانگریس پارٹی نے سنتوش شیٹی کو بھیونڈی مشرقی اسمبلی حلقے سے امیدواری دے کر جہاں بی جے کو ایک بڑا جھٹکا دیا ہے وہیں کانگریس این سی پی کے متحدہ محاذ میں شامل سماج وادی پارٹی نے اسے اپنے ساتھ دھوکہ بتاتے ہوئے اپنے امیدوار کے طور پررئیس شیخ کا پرچہء نامزدگی بھی داخل کردیا ہے۔
بھیونڈی مشرقی اسمبلی حلقے سے اپنا پرچہء نامزدگی داخل کرنے کے بعد کانگریس کے امیدوار سنتوش شیٹی نے کہا کہ وہ اپنے حامیوں کی حمایت سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا،تاہم کانگریس پارٹی کی وفادار اور پارٹی کے لئے حقیقی جوش و جذبے کی درخواست کے بعد میں نے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج مجھے کانگریس پارٹی نے جو امیدواری دی ہے وہ شہر کے ایماندار، وفادار رہنماؤں اور کارکنوں کی فتح ہے اور میں پارٹی کو شاندار فتح کا یقین دلاتا ہوں۔

سماج وادی پارٹی کے ضلعی صدر عرفات شیخ نے کانگریس پارٹی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ غدار رہی ہے اور اس بار اس نے یقین دہانی کے بعد اپنے اتحاد کو توڑ کر ریاستی صدر ابو عاصم عظمی صاحب کو دھوکہ دیا ہے۔ اس کے باوجود بھی سماج وادی پارٹی انتخابات لڑے گی کیونکہ ان کی لڑائی شیوسینا کے ساتھ ہے اور یہ لڑائی نظریہ کی لڑائی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے امیدوار رئیس شیخ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین یا تو پارٹی میں نہیں چلتے یا وہ جھوٹ بولتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے ساتھ ان کی دھوکہ دہی بھیونڈی کے لوگوں کے ساتھ غداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی شہر کی ترقی کے لئے ہے۔

Leave a comment